بلوچستان میں معیاری تعلیم اور بہتر صحت کے وژن کے تحت صوبے کے 5 اضلاع میں 5 ہزار پرائمری طلبا کی ہیلتھ اسکریننگ کا پروگرام شروع کر دیا گیا ہے۔
یہ اقدام یورپی یونین اور یونیسف کے تعاون سے محکمہ تعلیم بلوچستان کے زیرِ انتظام جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق پروگرام کی نگرانی سیکرٹری تعلیم بلوچستان اسفند یار کاکڑ کر رہے ہیں، جبکہ ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن اختر کھیتران اس منصوبے کی قیادت کر رہے ہیں۔
منصوبے کا مقصد بچوں کی جسمانی صحت، صفائی اور طبی نگہداشت کو بہتر بنانا ہے تاکہ ایک صحت مند اور باشعور نسل تیار کی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیے: عالمی ادارۂ صحت کا بھارتی ساختہ کھانسی کی ادویات پر انتباہ
پروگرام کا آغاز لورالائی سے کیا گیا، جہاں 8 اسکولوں کے ایک ہزار طلبہ کی ہیلتھ اسکریننگ مکمل ہو چکی ہے۔ اس عمل میں ای این ٹی اسپیشلسٹ، ڈینٹسٹ، فزیشن اور دیگر ماہر ڈاکٹروں نے بچوں کا معائنہ کیا اور انہیں صحت سے متعلق مفید رہنمائی فراہم کی۔
دوسرا مرحلہ پیر سے نوشکی میں شروع ہوگا، جس کے بعد یہ پروگرام گوادر، کیچ اور لسبیلہ میں بھی جاری رکھا جائے گا۔
مجموعی طور پر 5 ہزار سے زائد طلبہ کی اسکریننگ کی جائے گی۔ حکومت بلوچستان کے مطابق یہ منصوبہ وزیرِاعلیٰ میر سرفراز بگٹی اور وزیرِ تعلیم راحیلہ حمید درانی کے وژن کے عین مطابق ہے، جس کا مقصد تعلیم اور صحت کے میدان میں صوبے کے بچوں کے لیے بہتر مستقبل کی بنیاد رکھنا ہے۔














