سعودی عرب کے حائل ریجن نے سیاحت اور زراعت کے امتزاج سے اپنی پہچان مزید مستحکم کر لی ہے۔ مقامی زرعی ورثے کو اجاگر کرنے والے منفرد منصوبوں میں ’تل الرمان‘ یعنی ’انار کی پہاڑی‘ فارم خاص طور پر نمایاں ہے۔

یہ فارم قدرتی خوبصورتی، منفرد مقام اور اعلیٰ معیار کی زرعی پیداوار کے امتزاج کے باعث سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔

سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پہاڑوں اور سنہری ریت کے ٹیلوں کے درمیان واقع اس فارم میں انار 3 سے زائد کے درخت ہیں جو ہر سال تقریباً 450 ٹن اعلیٰ درجے کے انار پیدا کرتے ہیں۔

انار کے سیزن کے دوران فارم کو سیاحتی مقام کی حیثیت حاصل ہو جاتی ہے، جہاں ہر سال 70 ہزار سے زائد مقامی و غیر ملکی سیاح آتے ہیں۔

سیاح یہاں تازہ انار اپنے ہاتھوں سے چنتے، فارم کی دلکش راہوں پر چہل قدمی کرتے اور دیہی ماحول میں گھریلو کاروبار، تازہ پیداوار کے اسٹالز، بچوں کے کھیل کے میدان اور خاندانی سرگرمیوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔

’تل الرمان فارم‘ نہ صرف حائل کے زرعی ورثے کو اجاگر کرتا ہے بلکہ سعودی عرب میں دیہی سیاحت (ایکو ٹورازم) کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔














