آسٹریلیا نے پرتھ میں کھیلے گئے بارش سے متاثرہ پہلے ون ڈے میں بھارت کو بآسانی شکست دے دی۔
میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، تاہم بھارتی ٹیم آغاز ہی سے مشکلات کا شکار رہی۔ بھارت کے ابتدائی تین بلے باز صرف 18 رنز بنا سکے، جو نیوزی لینڈ کے خلاف 2019 ورلڈکپ سیمی فائنل کے بعد اُن کا کم ترین آغاز ثابت ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: انڈر19 ورلڈکپ 2024فائنل: آسٹریلیا بھارت کو شکست دے کر ورلڈ چیمپیئن بن گیا
شبھن گل 10، روہت شرما 8 اور ویرات کوہلی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ اننگز کے دوران 2 مرتبہ بارش کے باعث میچ کو روکنا پڑا، جس کے بعد اسے 26، 26 اوورز تک محدود کردیا گیا۔
بھارت نے مقررہ 26 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بنائے، کے ایل راہول 38 اور اکشر پٹیل 31 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ نتیش کمار ریڈی 19 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ، مچل اوون اور میتھیو کوہنمین نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ مچل اسٹارک اور نیتھن ایلس نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ڈبلیو ٹی سی رینکنگ: بھارت کا گراف گرگیا، آسٹریلیا پھر سرفہرست
ڈی ایس ایل میتھڈ کے تحت آسٹریلیا کو 26 اوورز میں 131 رنز کا ہدف ملا، جو اس نے 21.1 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ کپتان مچل مارش 46 اور میٹ رینشا 21 رنز بناکر ناقابلِ شکست رہے۔
جوش فلپ نے 37 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ ٹریوس ہیڈ اور میتھیو شارٹ 8، 8 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ بھارت کی جانب سے ارشدیپ سنگھ، اکشر پٹیل اور واشنگٹن سندر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔













