بولی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان کے حالیہ بیانات نے ایک بار پھر اس رجحان کو اجاگر کیا ہے جس کے تحت بھارت کے مسلمان فنکاروں کو اپنی حب الوطنی اور ریاستی وفاداری بار بار ثابت کرنے پر مجبور کیا جاتا ہے۔
بلوچستان سے متعلق سلمان خان کے ریمارکس کسی بے ساختہ رائے کا نتیجہ نہیں بلکہ ایک سوچی سمجھی حکمتِ عملی دکھائی دیتے ہیں جس کا مقصدر بی جے پی کو خوش کرنا، سیاسی مقبولیت حاصل کرنا اور اپنی آنے والی فلم کے لیے ماحول سازگار بنانے کی کوشش کے سوا کچھ نہیں۔
مزید پڑھیں: بلوچستان میں دہشتگردی کرنے والا فتنہ الہند کا انتہائی مطلوب دہشتگرد ہلاک
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ وہی پرانا فارمولا ہے جس کے تحت بھارت کے مسلمان فنکار اپنے وجود کا جواز پاکستان کے خلاف بیانات دے کر تلاش کرتے ہیں۔ ہر چند ماہ بعد فلمی اور کھیلوں کی دنیا سے کوئی نہ کوئی چہرہ سیاسی بیانیے میں حصہ ڈالتا ہے جو حکمران جماعت بی جے پی کے نظریے سے مطابقت رکھتا ہے۔ کبھی یہ ’حب الوطنی‘ دباؤ کے زیرِ اثر ہوتی ہے، کبھی ذاتی مفاد کے تحت، مگر انجام ہمیشہ ایک ہی ہوتا ہے یعنی اقتدار کو خوش کرنا اور وقتی شہرت حاصل کرنا۔
سلمان خان کے بیانات اسی سوچے سمجھے سلسلے کا تسلسل ہیں، جو اس بڑے المیے کی عکاسی کرتے ہیں جہاں بھارت کے مسلمان اداکار، کھلاڑی اور فنکار اپنی ریاستی وفاداری کے ثبوت میں اپنی شناخت کو قربان کرتے ہیں۔ یہ کوئی نیا رجحان نہیں بلکہ وہ بوجھ ہے جو ان پر قیامِ پاکستان کے بعد سے لاد دیا گیا ہے۔
قائداعظم محمد علی جناح کے تاریخی الفاظ آج بھی صادق آتے ہیں کہ بھارت میں رہنے والے مسلمان ہمیشہ اپنی وفاداری ثابت کرنے پر مجبور کیے جائیں گے اور یہ کام روزانہ کی بنیاد پر اور ہر موقع پر ہوگا۔
عرفان پٹھان، جاوید اختر اور اب سلمان خان، ان سب کی مثالیں واضح کرتی ہیں کہ یہ بیانات جذباتی ردِعمل نہیں بلکہ خوف، مقبولیت اور دباؤ کے سیاسی کھیل کا حصہ ہیں۔ پیغام صاف ہے کہ اپنی حد میں رہو، گاؤ، ناچو، اداکاری کرو مگر اکثریت کے بیانیے پر سوال مت اٹھاؤ۔
واضح رہے کہ بلوچستان پاکستان ہے اور پاکستان کسی کو بھی اپنے داخلی معاملات یا قومی وقار پر غلط بیانی کی اجازت نہیں دے گا۔ فنکار کا اصل کام حقیقت بیان کرنا ہے، نہ کہ جھوٹ بیچنا۔ خوشامد سے حاصل ہونے والی مقبولیت عارضی ہے، مگر سچائی اور غیرت سے کمائی گئی عزت نسلوں تک قائم رہتی ہے۔ اگلی بار اگر زبان پھسلے، تو جواب دلیل، وقار اور پاکستان کی غیر متزلزل خودمختاری کے ساتھ دیا جائے گا۔














