الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کی 5 اور پنجاب اسمبلی کی 7 نشستوں پرضمنی انتخابات کے لیے پوسٹل بیلٹ پیپرز کی درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 اکتوبر 2025 مقرر کردی ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 18 ہری پور، این اے 96 فیصل آباد-II، این اے 104 فیصل آباد-X، این اے 143 ساہیوال-III، این اے 185 ڈیرہ غازی خان-II، اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ جات پی پی 73 سرگودھا-III، پی پی 98 فیصل آباد-I، پی پی 115 فیصل آباد-XVIII، پی پی 116 فیصل آباد-XIX، پی پی 203 ساہیوال-IV اور پی پی 269 مظفرگڑھ-II کے ضمنی انتخابات کے لیے بذریعہ پوسٹ ووٹ ڈالنے کے لیے تمام اہل ووٹرز اپنے پوسٹل بیلٹ پیپرز کی درخواستیں جمع کرادیں۔
یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن نے قومی و صوبائی اسمبلی کے ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا
الیکشن کمیشن کے مطابق قانون کے تحت پوسٹل بیلٹ کی سہولت سرکاری ملازمین، مسلح افواج کے افسران و جوانوں اور ان کے اہلِ خانہ کو حاصل ہے، بشرطیکہ وہ اپنے حلقۂ انتخاب سے باہر تعینات یا مقیم ہوں۔
اسی طرح معذور افراد بھی، جن کے پاس نادرا کی جانب سے جاری کردہ جسمانی معذوری کے لوگو والا قومی شناختی کارڈ موجود ہے اور جو سفر کرنے سے قاصر ہیں، اس سہولت سے استفادہ کر سکتے ہیں، جیل میں قید یا حراست میں موجود افراد کو بھی پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ووٹ ڈالنے کا حق حاصل ہے۔
’وہ تمام اہلکار جنہیں ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے انتخابی ڈیوٹی پر تعینات کیا گیا ہو، بشمول پولیس اہلکار، اپنے تقرر کے 3 روز کے اندر متعلقہ ریٹرننگ آفیسر کے پاس پوسٹل بیلٹ کے لیے درخواست جمع کرائیں۔‘
مزید پڑھیں: مسلم لیگ ن نے ضمنی انتخابات کے لیے امیدواروں سے درخواستیں طلب کر لیں
الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ پوسٹل بیلٹ حاصل کرنے والے ووٹر پولنگ اسٹیشن پر ووٹ نہیں ڈال سکیں گے۔
’درخواست صرف ووٹر کے متعلقہ دفتر یا محکمہ سے تصدیق شدہ ہونی چاہیے تاکہ غیر مجاز افراد کی جانب سے درخواست دینے کا امکان ختم کیا جا سکے۔‘
الیکشن کمیشن کے اعلامیہ کے مطابق پوسٹل بیلٹ فارم الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ www.ecp.gov.pk سے بھی ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔













