سیاسی وفاداری تبدیل کرنے کے بجائے فنا ہونا پسند کروں گا، فردوس شمیم نقوی

بدھ 17 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فردوس شمیم نقوی کا کہنا ہے کہ سیاسی وفاداری تبدیل کرنے کے بجائے وہ فنا ہوجانا پسند کریں گے۔

وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ ’وفاداریاں تبدیل کروانے والوں کو معلوم ہے میں جس مٹی کا بنا ہوں اسی میں جانا پسند کروں گا اور میں فنا ہونا پسند کروں گا تبدیل ہونا نہیں‘۔

انہوں نے سوال کیا کہ ان کا کہنا تھا کہ ’میرا حال دیکھیں کیا میں اس قابل ہوں کہ دہشت گردی کا کوئی عمل کرسکوں یا گاڑیاں جلاؤں اور پتھر پھینکوں‘۔ انہوں نے کہا کہ ان کا پتھر ان کی زبان اور سوچ ہے پھر اگر انہیں کوئی دہشت گرد کہنا چاہتا ہے تو کہتا رہے۔

فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ آج وہ جو کچھ بھی ہیں اس وطن کی وجہ سے ہیں اور وہ اسی پر اپنی جان نچھاورکردیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میں نیا پاکستان کا خواب لے کر چلا اورپاکستان کو تبدیل دیکھنا چاہتا ہوں، اسے ایک ترقی یافتہ ملک دیکھنا چاہتا ہوں اور میرے نزدیک اس وقت پورے پاکستان میں عمران خان سے زیادہ ایماندار، دیانت دار، وفادار اور وژن رکھنے والا لیڈر اور کوئی نہیں ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ کسی کو دہشت گرد کہنا بہت آسان کام ہے اور پی ٹی آئی کو بھی دہشت گرد تنظیم قرار دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 27 سال بعد انہیں لگ رہا ہے کہ ہم دہشت گرد ہیں۔

 

فردوس شمیم نقوی نے سوال کیا کہ ’کیا ہم نے بندوقیں جمع کی ہوئی ہیں یا عسکری کیمپ بنائے ہوئے ہیں جو ہمیں دہشت گرد کہا جا رہا ہے‘۔ انہوں نے کہا کہ کسی کا حال جاننے کے لیے اس کا ماضی دیکھ لینا چاہیے اب کوئی بتائے کہ پی ٹی آئی نے 27 سال میں کتنی بسیں جلائیں اور خود انہوں نے کتنی املاک کو نقصان پہنچایا ہے یا کوئی تقریر دکھا دیں جس میں پی ٹی آئی کا لیڈر کوئی غلط ہدایت جاری کر رہا ہو۔

انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنا ان کا حق ہے اور پاکستان میں اظہار رائے کی آزادی ہے جو عوام کا بنیادی حق ہے تو کیا آج ان سے وہ حق سلب کرلیا گیا ہے؟

پاک فوج کے بارے میں فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ پاک فوج ایک قومی اثاثہ ہے لیکن اس میں ہر فرد پاک و صاف نہیں وہ بھی اس معاشرے کا حصہ ہیں اور کوئی فرشتے نہیں لہٰذا پاک فوج کو بھی اپنی خامیاں دور کرنے کی ضرورت ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp