لاہور کے علاقے مزنگ میں ڈور پھرنے سے موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق ہو گیا۔
21 سالہ نعمان اپنے دوست کے ساتھ موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ اچانک قاتل ڈور اس کے گلے میں پھر گئی جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔ نوجوان کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
یہ بھی پڑھیے: اسلام آباد پولیس کی پتنگ سازوں، ڈسٹری بیوٹرز اور فروخت کرنے والوں کے خلاف بڑی کارروائی
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے نعمان کے سوگوار خاندان سے تعزیت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے سی سی پی او لاہور سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے اور پولیس کو ذمہ داران کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دیا ہے۔
واضح رہے کہ ہر سال پتنگ پنجاب سمیت ملک بھر میں پتنگ کی ڈور موٹرسائیکل سواروں کے گلے پر پھرنے سے کئی افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوتے ہیں، قانون نافذ کرنے والے ادارے آئے روز کارروائیاں کر رہے ہیں، لیکن شہر کے مختلف علاقوں میں خفیہ طور پر پتنگ بازی اور ڈور فروشی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔














