رومانیہ کے سرکاری دورے پر گئے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو رومانیہ کے ایئرفورس ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، ایئر چیف نے رومانیہ کی فضائیہ کے سربراہ سے ملاقات میں فضائی عملے کے تبادلے، تربیت کے فروغ اور فضائی دفاعی تعاون کو ادارہ جاتی سطح پر مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
ملاقات میں دفاعی تعلقات کے فروغ، مشترکہ مشقوں، تربیتی پروگرامز، خطے کی سلامتی اور عالمی امن پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ رومانین ایئر چیف نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بھارتی جارحیت کے مقابل شاندار کارکردگی کو سراہا۔
مزید پڑھیں: پاکستان اور عراق کی فضائیہ کا مشترکہ مشقوں اور تربیتی اقدامات پر اتفاق
ایئر چیف مارشل ظہیر بابر سدھو کی قیادت میں پاک فضائیہ کی خود انحصاری کے اقدامات اور ایرو اسپیس ٹیکنالوجی میں پیشرفت کی بھی تعریف کی گئی۔ ملاقات میں دفاعی صنعت میں شراکت داری کے امکانات پر بھی بات چیت ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، ایئر چیف کا یہ دورہ پاک رومانیہ فوجی تعلقات میں سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان امن، ترقی اور دفاعی تعاون کے عزم کی تجدید ہے۔














