اسلام آباد میں پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اور پولینڈ کے نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ رادوسواف شکورسکی نے مشترکہ پریس بریفنگ میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں:جاپانی سفیر کی وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال
ملاقات کے دوران تجارت، توانائی، معدنیات، تعلیم اور سیکیورٹی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
پاک فضائیہ کی بنیاد میں پولینڈ کا کردار
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان پولینڈ کے ساتھ اپنے تاریخی تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ پاک فضائیہ کی بنیاد رکھنے میں پولینڈ کے ماہرین کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے، جب کہ دوسری جنگِ عظیم کے دوران پاکستان نے ہزاروں پولش مہاجرین کو پناہ دی۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پولینڈ کے وزیرِ خارجہ کا یہ پاکستان کا دوسرا دورہ ہے، جو پاک پولش دوستی کی گہرائی کو ظاہر کرتا ہے۔
ان کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کے میدانوں میں وسیع مواقع موجود ہیں۔
وفود کی سطح پر مذاکرات
وفود کی سطح پر مذاکرات میں دونوں ممالک نے باہمی تعلقات کے فروغ، اقتصادی تعاون کے فروغ اور تجارتی رکاوٹوں کے خاتمے پر اتفاق کیا۔
یہ بھی پڑھیں:سی پیک منصوبے خطے کے رابطوں میں گیم چینجر ثابت ہوں گے، اسحاق ڈار
اسحاق ڈار نے بتایا کہ پولینڈ کے نائب وزیراعظم کے ساتھ ملاقات میں انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد (ISSI) اور پولش انسٹی ٹیوٹ کے درمیان تعاون پر بھی بات چیت ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ رادوسواف شکورسکی کا یہ دورہ پاک پولش تعلقات میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔
پولینڈ کا اظہارِ تشکر
پریس بریفنگ کے دوران پولینڈ کے نائب وزیراعظم رادوسواف شکورسکی نے شاندار میزبانی پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، معیشت، معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر مثبت بات چیت ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پولینڈ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق غزہ میں امن اور جنوبی ایشیا میں استحکام کا خواہاں ہے۔
یادداشتوں پر دستخط
اس سے قبل پاکستان اور پولینڈ کے درمیان مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے، جن میں دونوں ممالک کے نائب وزرائے اعظم نے شرکت کی۔

فریقین نے اتفاق کیا کہ یہ معاہدے مستقبل میں تعلیمی، اقتصادی اور دفاعی شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
علاقائی استحکام میں پاکستان کا کردار
اسحاق ڈار نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان علاقائی روابط بڑھانے اور خطے میں امن کے فروغ کے لیے سرگرم کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ تعمیر و ترقی، برداشت اور باہمی احترام کی پالیسی اپنائی ہے، جس کا تسلسل پاک پولش تعلقات میں بھی جھلکتا ہے۔













