صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ریاست کے یومِ تاسیس کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی ہر حال میں جاری رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر کے 77ویں یوم تاسیس پر مظفرآباد میں 21 توپوں کی سلامی
صدر نے کہا کہ تحریکِ آزادی کو لاکھوں کشمیریوں نے اپنے خون سے سینچا ہے، بھارت نے ظلم و جبر کے ہر حربے آزمائے مگر کشمیریوں کے عزم کو توڑ نہیں سکا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کا جذبۂ حریت پہلے سے زیادہ مضبوط ہوا ہے اور وہ ہر صورت میں آزادی حاصل کر کے رہیں گے۔
صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ ہم الحاقِ پاکستان کی منزل ضرور حاصل کریں گے اور شہداء کے مشن کو پایۂ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل پر زور دیتے ہوئے عالمی برادری سے بھارتی مظالم کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیر بھارت جون 2025
بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے آپریشن بنیان المرصوص میں کامیابی پر پاک افواج کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاک افواج نے بھارت کے غرور کو خاک میں ملا دیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیر آزاد فضاؤں میں سانس لے گا۔














