پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں کسی بھی خوشی کے موقع پر ایک مخصوص محفل کا انعقاد کیا جاتا ہے، جس میں گاؤں کے بزرگ، نوجوان اور بچے شرکت کرتے ہیں۔ اس محفل میں ڈھول، رباب، بانسری اور ہارمونیم کا استعمال کیا جاتا ہے، جب کہ گاؤں کے نوجوان گاتے ہیں اور رقص بھی کرتے ہیں۔
ان محفلوں میں عموماً روایتی موسیقی پیش کی جاتی ہے، جس میں رباب اور ڈھول جیسے ساز بجائے جاتے ہیں۔ ماضی میں یہ محفلیں گاؤں کے ہجرے میں منعقد ہوتی تھیں، لیکن وقت کے ساتھ ان میں کمی آگئی ہے۔ تاہم نوجوان اب بھی اس روایت کو زندہ رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
یہی محفل خیبر پختونخوا کے نوجوان کراچی لے آئے ہیں، جہاں وہ کھلے مقامات پر بیٹھ کر خود بھی محظوظ ہوتے ہیں اور ساتھ مقامی لوگوں کو مفت تفریح کا موقع بھی فراہم کرتے ہیں۔













