اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے رکن ممالک میں پانی کی قلت سے نمٹنے اور پانی کے بہتر انتظام کے لیے مشترکہ اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق او آئی سی نے اپنے اعلامیے میں کہا کہ رکن ممالک کو پانی صاف کرنے (ڈی سیلینیشن) کی صلاحیتوں میں اضافہ، زیرِ زمین پانی کے بہتر انتظام، اور قابلِ تجدید وسائل کے استعمال پر توجہ دینی چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں:عرب اسلامی اجلاس میں اسرائیل کے خلاف مضبوط فیصلے کیے جائیں، سیکریٹری جنرل او آئی سی
یہ بیان جدہ میں حال ہی میں منعقد ہونے والی ’او آئی سی وزرائے پانی کانفرنس‘ کے دوران دیا گیا، جس کا موضوع ’ویژن سے اثر تک‘ تھا۔
پانی کی سلامتی اور تعاون کی حکمتِ عملی پر غور
کانفرنس میں وزراء، نمائندگان اور متعلقہ اداروں کے سربراہان نے اسلامی دنیا میں پانی کی سلامتی کو مضبوط بنانے اور رکن ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے کی حکمت عملیوں پر تبادلہ خیال کیا۔
یہ بھی پڑھیں:غزہ کے حوالے سے او آئی سی اجلاس میں سعودی عرب کا کردار لائق تحسین ہے: فلسطینی سفیر ڈاکٹر زہیر زید
تکنیکی اشتراک اور جدید حل کی ضرورت
اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ او آئی سی کے وژن کے تحت پانی کی قلت کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، معلومات کے تبادلے، اور مشترکہ منصوبہ بندی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے۔













