وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) بلوچستان زون نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث منظم نیٹ ورک کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے افغان شہریوں سمیت 6 اسمگلروں کو گرفتار کر لیا۔ کارروائیاں ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کوئٹہ نے مختلف علاقوں میں کیں۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان میں عدیل علی، ثناءاللہ اور عبدالخالق شامل ہیں، جبکہ 3 افغان شہری بھی حراست میں لیے گئے ہیں۔ ملزمان کو کوئٹہ کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔
مزید پڑھیں: فٹ بال ٹیم ظاہر کرکے 17 نوجوانوں کو بیرون ملک بھیجنے والا انسانی اسمگلر گرفتار
ایف آئی اے کے مطابق ملزم عدیل علی کے قبضے سے 3 موبائل فون برآمد ہوئے جن میں انسانی اسمگلروں سے متعلق چیٹس، تصاویر اور دیگر اہم شواہد موجود ہیں۔
عدیل علی کی نشاندہی پر ثناءاللہ اور عبدالخالق کو ائرپورٹ روڈ سے گرفتار کیا گیا، جو افغان شہریوں کی نقل و حمل میں بطور ڈرائیور کام کر رہے تھے۔
مزید بتایا گیا کہ ملزم ثناءاللہ کے قبضے سے شناختی کارڈز کی 11 رنگین تصاویر برآمد ہوئیں جو افغان شہریوں کو ملک کے مختلف حصوں میں منتقل کرنے کے لیے استعمال کی جاتی تھیں۔
گرفتار ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ انسانی اسمگلروں عبدالہادی اور محمد عیسیٰ کے لیے کام کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں: یونان کشتی حادثہ: گجرات سے ایک اور انسانی اسمگلر گرفتار
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کو ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے، جبکہ دیگر مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے بھی جاری ہیں۔














