وزیراعظم شہباز شریف نے شاہین چوک انڈرپاس پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔
اسلام آباد میں مارگلہ روڈ پر شاہین چوک انڈر پاس منصوبے کے سنگ بنیاد کے موقع پروزیر داخلہ محسن نقوی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔
وزیراعظم نے وزیر داخلہ کو شاباش دی اور جلد منصوبہ مکمل کرنے کی امید کا اظہار کیا ،وزیراعظم نے وزیر داخلہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کی تعریف بھی کی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف نے جناح ایونیو انٹرچینج انڈر پاس کا افتتاح کردیا
منصوبہ 180 دنوں میں مکمل کرنے کے پلان پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے بریفنگ دی ،شاہین چوک پر اسپتالوں اور یونیورسٹیوں کی وجہ سے عوام کو ٹریفک جام کا سامنا رہتا تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر خطاب میں کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے، نئے کنونشن سینٹر، انڈر پاسز اور دیگر سہولیات کی تکمیل سے اسلام آباد کی خوبصورتی اور کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اسلام آباد، جو پاکستان کا دارالخلافہ ہے، وہاں ٹریفک کے مسائل کم کرنے کے لیے انڈر پاس اور دیگر منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ محسن نقوی اور ان کی ٹیم شبانہ روز محنت کر رہی ہے، جس سے شہر کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔
بین الاقوامی تقریبات کے لیے ہوٹلز اور رہائشی سہولیات کی فراہمی انتہائی ضروری
انہوں نے کہا کہ آئندہ برسوں میں ایس سی او کانفرنس اور دیگر بین الاقوامی تقریبات کے لیے ہوٹلز اور رہائشی سہولیات کی فراہمی بھی انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے ترقیاتی منصوبے نہ صرف پاکستان کی تعمیر و ترقی میں معاون ثابت ہوں گے بلکہ ملک کی عالمی شبیہ بہتر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: سیرینا اور ایف9 انڈرپاسز کی تعمیر میں کتنے ارب روپے خرچ کیے گئے؟
شہباز شریف نے سی ڈی اے حکام، وزارت داخلہ اور ٹھیکیداروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اقدامات تاریخ میں یاد رکھے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی مکمل حمایت ان منصوبوں کے ساتھ ہے اور دعا ہے کہ یہ تمام کام جلد از جلد مکمل ہوں۔
اسلام آباد میں نئے کنونشن سینٹر کا قیام
اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ دسمبر میں اسلام آباد میں نئے کنونشن سینٹر کا افتتاح کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کانفرنس کے لیے انتہائی اہم ہے۔ محسن نقوی نے اعلان کیا کہ نئے کنونشن سینٹر کا سنگِ بنیاد یکم جنوری کو رکھا جائے گا، جو موجودہ سینٹر سے 4 گنا بڑا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ منصوبے کا مقصد یہ ہے کہ ایس سی او کانفرنس میں شریک عالمی رہنماؤں کو بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے وزیراعظم اور چیئرمین سی ڈی اے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سرپرستی اور ٹیم کی محنت سے اسلام آباد میں ایک سال کے اندر نمایاں تبدیلی نظر آئے گی۔












