5 سال کی معطلی کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے برطانیہ کے لیے فضائی آپریشن بحال کر دیا ہے۔ اسلام آباد سے مانچسٹر کے لیے پہلی براہِ راست پرواز آج دن 12 بج کر 5 منٹ پر روانہ ہوئی۔
وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے پاکستان سے برطانیہ کے لیے پروازوں کے دوبارہ آغاز کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں برطانوی ہائی کمشنر اور سیکرٹری دفاع سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
PIA heads to Manchester! A genuine joy to wave off the first flight by a Pakistani carrier to the UK in five years. Here’s to more destinations and connections! pic.twitter.com/PLMWmUooFp
— Jane Marriott (@JaneMarriottUK) October 25, 2025
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کے روٹس دوبارہ بحال ہونا ایک تاریخی موقع ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ پی آئی اے پر عائد پابندی سے حکومت کو مالی نقصان ہوا، تاہم ادارے کا معیار اب بہتر کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ فلائٹ آپریشن کی بحالی میں برطانوی ہائی کمشنر کا کلیدی کردار رہا۔
پروازوں کا شیڈول
پی آئی اے کی پرواز پی کے 701 اسلام آباد سے ہفتے اور منگل کے روز مانچسٹر کے لیے روانہ ہوگی۔ بوئنگ 777 طیارے کے ذریعے 273 مسافر مانچسٹر جائیں گے۔
پرواز برطانوی وقت کے مطابق شام 5 بجے مانچسٹر پہنچے گی اور واپسی پر شام 7 بجے روانہ ہو کر صبح 7 بجے اسلام آباد پہنچے گی۔
یہ بھی پڑھیں:پی آئی اے کی نجکاری میں تاخیر کیوں ہو رہی ہے؟
پی آئی اے آئندہ مرحلے میں لندن کے لیے پروازوں کا آغاز بھی کرے گی۔
وزیراعظم قوم اور اوورسیز پاکستانیوں کو مبارکباد
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پی آئی اے کی اسلام آباد سے مانچسٹر براہ راست پروازوں کے آغاز پر پوری قوم، خصوصاً برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کو مبارکباد دی ہے۔
وزیراعظم نے وزیرِ ہوابازی خواجہ آصف، سول ایوی ایشن اتھارٹی، پی آئی اے اور متعلقہ اداروں کے حکام کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت سے قومی ایئر لائن کی ساکھ بحال ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان کا تشخص دنیا بھر میں دوبارہ بحال ہو رہا ہے۔ ماضی میں عائد پابندیوں کے باعث پی آئی اے کو نقصان پہنچا، تاہم کئی برس کی محنت کے بعد ادارے نے اپنا وقار دوبارہ حاصل کر لیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پی آئی اے کی براہ راست پروازوں سے برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو سہولت ملے گی اور دونوں ممالک کے تعلقات میں نئی مضبوطی آئے گی۔
یہ بھی پڑھیں:وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی سعودی ہم منصب سے ملاقات، پی آئی اے اور ایئرپورٹ کی نجکاری سے متعلق بریفنگ
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے تمام اداروں میں اصلاحات اور بہتری کا عمل تیزی سے جاری ہے تاکہ ملک کو ترقی اور استحکام کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔
یاد رہے کہ برطانیہ اور یورپ نے پی آئی اے پر 2020 میں حفاظتی خدشات کے باعث پابندی عائد کی تھی، جسے اب ختم کر دیا گیا ہے۔












