وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے صوبائی اسمبلی میں امن جرگہ بلانے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں سابق وزرائے اعلیٰ، گورنرز، علما، مشران، سول سوسائٹی کے نمائندے، وکلا اور دیگر اہم شخصیات شریک ہوں گی۔
وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی اعلیٰ قیادت کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے کی۔ اجلاس میں چیئرمین بیرسٹر گوہر، جنید اکبر، اسد قیصر سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
وزیرِ اعلیٰ ہاؤس پشاور میں پاکستان تحریکِ انصاف کی سینئر قیادت کا اہم اجلاس
اجلاس میں صوبے کی امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی غور
حالیہ ہنگو بم دھماکے کے واقعے پر شرکاء کا اظہارِ افسوس اور شہید پولیس اہلکاروں کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا،
اجلاس میں خیبر پختونخوا اسمبلی میں امن… pic.twitter.com/2we5PTi9AL
— PTI (@PTIofficial) October 25, 2025
اجلاس میں صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ شرکا نے ہنگو بم دھماکے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لیے دعا اور ان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ امن جرگے کا مقصد دہشتگردی کے خاتمے اور دیرپا امن کے قیام کے لیے مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت پولیس فورس کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گی، جبکہ جدید آلات، تربیت اور وسائل کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
واضح رہے کہ سہیل آفریدی نے خیبرپختونخوا کے نئے وزیراعلیٰ کا حلف اٹھا لیا ہے، تاہم ابھی تک کابینہ تشکیل نہیں دی، ان کا مؤقف ہے کہ وہ عمران خان سے مشاورت کے بعد کابینہ تشکیل دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ’تیار رہیں تاکہ عمران خان کو جیل سے نکالا جاسکے‘، سہیل آفریدی کا چارسدہ جلسے سے خطاب
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی دو مرتبہ اڈیالہ جیل تشریف لا چکے ہیں، لیکن ان کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔














