بھارت کی جانب سے جی 20 ممالک کا اجلاس غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے متنازعہ علاقے میں منعقد کرنے پر پاکستان بار کونسل نے 22 مئی کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان کر دیا۔
پاکستان بار کونسل نے جی 20 ممالک کا اجلاس منعقد کرنے کے بھارتی حکومت کے فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی عمل سلامتی کونسل کی قراردادوں اور اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔
پاکستان بار کونسل نے واضح کیا کہ سری نگر بھارتی قبضے کے خلاف کشمیری جنگجوؤں کی بغاوت کا مرکز رہا ہے۔ اس طرح کے واقعات جموں و کشمیر کی حقیقت کو چھپا نہیں سکتے۔
مزید پڑھیں
پاکستان بار کونسل نے اعتراض اٹھایا کہ یہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے جو گزشتہ کئی دہائیوں سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود ہے۔
’اس طرح کی سرگرمیاں حقیقت کو نہیں بدل سکتیں۔‘
بارکونسل کے مطابق بھارتی اقدامات عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ علاقے کی آبادیاتی ساخت کو تبدیل کرنے کی غیر قانونی کوششوں سمیت بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں پر بھارت کے وحشیانہ جبر سے ہٹا نہیں سکتیں۔
پاکستان بار کونسل نے تمام وکلا برادری کو آگاہ کیا کہ سری نگر کے متنازعہ علاقے میں جی 20 ٹورازم ورکنگ گروپ کا اجلاس منعقد کرنے کے بھارتی حکومت کے فیصلے کے خلاف مکمل احتجاج کے طور پر پیر کو ملک بھر کی تمام عدالتوں میں مکمل ہڑتال کا اعلان کرتے ہیں۔