امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کے روز کہا ہے کہ وہ افغانستان اور پاکستان کے درمیان جاری بحران کو بہت جلد حل کر لیں گے، جب کہ دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان امن مذاکرات کا دوسرا دور جاری ہے۔
ٹرمپ نے ملائیشیا میں آسیان سربراہی اجلاس کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، مجھے معلوم ہوا ہے کہ پاکستان اور افغانستان نے بات چیت شروع کر دی ہے۔ میں یہ مسئلہ بہت جلد حل کروا دوں گا۔
یہ بھی پڑھیے: مودی کو فون پر بتا دیا کہ پاکستان اور انڈیا کی جنگ نہیں ہونی چاہیے، صدر ڈونلڈ ٹرمپ
انہوں نے یہ بات تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان امن معاہدے پر دستخط کی تقریب کے دوران کہی اور پاکستانی قیادت کو عظیم لوگ قرار دیا۔
دوسری طرف پاک فوج نے سرحد پر 2 بڑی دراندازی کی کوششوں کو ناکام بناتے ہوئے 25 شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے جب کہ 5 پاکستانی فوجی بھی شہید ہوئے۔
یہ بھی پڑھیے: استنبول مذاکرات میں پیشرفت نہ ہو سکی، دہشتگردوں کی سرپرستی منظور نہیں، پاکستان نے افغان طالبان پر واضح کردیا
اگرچہ پاکستانی حکومت کی جانب سے فوری ردعمل سامنے نہیں آیا، لیکن ٹرمپ کے تازہ بیان سے اسلام آباد کی سیاسی و عسکری قیادت کو نئی امید ملی ہے، جو واشنگٹن سے تعلقات مزید بہتر بنانے کی خواہش رکھتی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان نے رواں سال کے اوائل میں بھارت کے ساتھ بحران میں ٹرمپ کے کردار کو بھی سراہا تھا۔













