متحدہ عرب امارات میں آن لائن خریداری کا نیا دور شروع ہونے جا رہا ہے۔
ویزا اور ماسٹر کارڈ نے ایسے جدید نظام متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے جو مصنوعی ذہانت کے ذریعے صارفین کی جانب سے خودکار طور پر محفوظ طریقے سے اور مقررہ حدود میں خریداری اور ادائیگی کریں گے۔
یہ بھی پڑھیے: 5 پیشے جن میں اے آئی انسانوں سے بہتر کارکردگی دکھا رہی ہے
یہ نیا رجحان ‘ایجنٹک کامرس’ کہلاتا ہے، جس میں تصدیق شدہ اے آئی ایجنٹس صارف کی اجازت سے ان کی جگہ خریداری کرتے ہیں۔ ویزا کا ‘انٹیلیجنٹ کامرس’ اور ماسٹر کارڈ کا ‘ایجنٹ پے’ اسی ٹیکنالوجی پر مبنی ہیں۔
صارف اپنے اے آئی اسسٹنٹ کو صرف ایک ہدایت دیتا ہے، جیسے ‘بالی کا ٹکٹ بک کرو اور سوئمنگ سوٹ تلاش کرو’، تو یہ سسٹم چند سیکنڈز میں قیمتیں دیکھ کر ادائیگی بھی کر دیتا ہے۔

ماسٹر کارڈ نے یہ نظام مائیکروسافٹ کے ساتھ تیار کیا ہے جبکہ ویزا نے مائیکروسافٹ، اوپن اے آئی، اور اسٹرائپ کے ساتھ مل کر اسے بہتر بنایا ہے۔ دونوں نظاموں میں ڈیجیٹل ٹوکنز اور محفوظ دستخط استعمال کیے جاتے ہیں تاکہ صارفین کی معلومات خفیہ رہیں اور غیر مجاز رسائی روکی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیے: ایمیزون نے ڈرائیورز کے لیے اے آئی اسمارٹ چشمے متعارف کرا دیے
یو اے ای میں 99 فیصد سے زائد اسمارٹ فون استعمال اور 70 فیصد سے زیادہ صارفین کے پاس ڈیجیٹل والٹس ہیں، جو اسے اس نئی ٹیکنالوجی کے لیے بہترین مارکیٹ بناتے ہیں۔
کلاؤڈ فلیئر کے اشتراک سے ویزا اور ماسٹر کارڈ نے ‘ویب بوٹ آتھ’ نظام بھی تیار کیا ہے جو ادائیگی سے قبل اے آئی ایجنٹس کی تصدیق کرتا ہے۔ ماہرین کے مطابق مستقبل میں اے آئی ایجنٹس عالمی ای کامرس کا 20 فیصد حصہ سنبھال سکتے ہیں۔
یو اے ای کے صارفین کے لیے یہ قدم آن لائن خریداری کو تیز، محفوظ اور خودکار بنا دے گا جہاں آپ کا اے آئی اسسٹنٹ آپ کے اصولوں کے مطابق خود خریداری کرے گا۔














