کراچی پولیس نے میٹروون کے نیوز اینکر امتیاز میر کے قتل میں ملوث کالعدم تنظیم کے 4 دہشت گرد گرفتار کرلیے ہیں۔
وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار کے مطابق مقتول صحافی کو اسرائیل کی حمایت میں بولنے پر گزشتہ ماہ کراچی میں جان لیوا حملے میں نشانہ بنایا گیا تھا۔
اس ضمن میں ایک پریس کانفرنس کے دوران صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ چاروں گرفتار دہشتگرد کراچی کے علاقے ناظم آباد کے رہائشی ہیں، جنہیں پڑوسی ملک سے کالعدم تنظیم ثاراللہ کے ذریعے ہینڈل کیا جارہا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ مقتول صحافی کو ٹی وی پروگرام میں اسرائیل کے حق میں بات کرنے پر نشانہ بنایا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی: صحافی امتیاز شیخ ٹارگٹ حملے میں شدید زخمی، اسپتال منتقل
اس قبل کراچی پولیس کے اعلامیے کے مطابق کورنگی پولیس نے وفاقی حساس ادارے کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے میٹرو ون نیوز کے اینکر امتیاز علی میر کے قاتلوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق یہ کارروائیاں شہر میں حالیہ ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں کے بعد مشتبہ عناصر کے خلاف کی گئیں۔
پولیس اعلامیے کے مطابق 21 ستمبر 2025ء کو کراچی کے علاقے کالا بورڈ میں فائرنگ کے نتیجے میں سینئر صحافی امتیاز علی میر جاں بحق جبکہ ان کے بھائی میر محمد صلاح شدید زخمی ہوئے تھے۔
بریکنگ:
کراچی: اینکر امتیاز میر کے قاتلوں کو ڈسٹرکٹ کورنگی پولیس نے گرفتار کرلیا
کراچی میں حالیہ ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں ملوث عناصر کے گرد گھیرا تنگ کرتے ہوئے کورنگی پولیس نے وفاقی حساس ادارے کے ساتھ ملکر
متعدد چھاپہ مار کاروائیاں کیں جس کے نتیجے میں مورخہ 21 ستمبر 2025ء کو… pic.twitter.com/1GxlIRK1LY— Shahid Hussain (@ShahidHussainJM) October 27, 2025
واقعے کی تفتیش کے دوران پولیس نے متعدد چھاپہ مار کارروائیاں کیں جن کے نتیجے میں 4 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
گرفتار ملزمان کی شناخت سید اجلال زیدی ولد سعید زیدی، شباب ولد اصغر، احسن عباس ولد جلیل حسین، اور فراز احمد ولد منظور احمد کے ناموں سے ہوئی ہے۔
پولیس نے ان کے قبضے سے چار عدد 9 ایم ایم پستول بمعہ زندہ راؤنڈز اور 2 موٹر سائیکلیں برآمد کی ہیں۔
مزید پڑھیں:سکھر: سندھ حکومت کا مقتول صحافی کے ورثاء کو ایک کروڑ روپے دینے کا اعلان
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم لشکرِثاراللہ سے ہے، گرفتار دہشت گرد تنظیم کے سرگرم رکن ہیں اور کراچی میں مزید دہشت گردانہ کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے اپنے غیر ملکی روابط اور تنظیم کے سرکردہ رہنما کے بیرونِ ملک موجود ہونے کا بھی انکشاف کیا ہے، جہاں سے انہیں مالی معاونت اور ٹارگٹ فراہم کیے جاتے تھے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کورنگی پولیس کی بروقت اور کامیاب کارروائی پر تعریفی اسناد اور نقد انعام کا اعلان کیا ہے۔














