جنوبی افریقہ نے 3 ٹی20 میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کو 55 رنز سے شکست دے دی۔
آج کا میچ راولپنڈی کے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جہاں قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔
آج کے میچ میں قومی کرکٹ ٹیم کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی، سابق کپتان بابر اعظم ٹی20 کرکٹ میں وقفے کے بعد دوبارہ اسکواڈ کا حصہ بنائے گئے تھے، تاہم وہ صفر پر آؤٹ ہوگئے۔
Contribution Of Babar Azam on His Come Back.
-Missed Run Out
-Dropped easy Catch
-Wasted Two Balls pic.twitter.com/698g7Qadde
— SheR•ALI (@Sher__Ali) October 28, 2025
جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز اسکور کیے۔
مہمان ٹیم کی جانب سے ریزا ہینڈرکس 60، جارج لینڈے 36 اور ڈی زور زی 33 رنز اسکور کرکے نمایاں بیٹر رہے۔
قومی ٹیم کی جانب سے محمد نواز 3، صائم ایوب 2، جبکہ شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور ابرار احمد نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پاکستان کی اننگز
جنوبی افریقہ کے 195 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 19ویں اوور کی پہلی گیند پر 139 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
پاکستان کی جانب سے صائم ایوب نے 37 اور محمد نواز نے 36 رنز کی نمایاں اننگز کھیلیں، جب کہ صاحبزادہ فرحان نے 24 رنز کا اضافہ کیا۔
دیگر بلے بازوں میں بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، کپتان سلمان علی آغا صرف 2 رنز بنا سکے، عثمان خان 12، حسن نواز 3، فہیم اشرف ایک اور شاہین شاہ آفریدی 4 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے کاربن بوش سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جب کہ جارج لنڈے نے 3 اور لیزاڈ ولیمز نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹی20 میچ میں قومی ٹیم کی قیادت سلمان علی آغا کررہے ہیں، جبکہ صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، بابر اعظم، حسن نواز، عثمان خان، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور ابرار احمد ٹیم میں شامل ہیں۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم ڈونوان فریرا (کپتان)، کوئنٹن ڈی کوک، ریزا ہینڈرکس، ٹونی ڈی زورزی، ڈیوالڈ بریوس، میتھیو بریزکے، جارج لینڈسے، کارٹن بوش، لزاڈ ولیمز، ناندرے برگر اور لنگی نگیڈی پر مشتمل ہے۔
کوشش ہوگی مہمان ٹیم کو کم اسکور تک محدود رکھیں، سلمان علی آغا
ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے قومی کپتان سلمان علی آغا نے کہاکہ کوشش ہوگی کہ جنوبی افریقہ کو کم سے کم اسکور تک محدود رکھیں، بابر اعظم اور نسیم شاہ نے ماضی میں بھی بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔
جنوبی افریقہ کے کپتان ڈونوون فریرا نے کہاکہ ٹاس جیت کر ہم بھی پہلے فیلڈنگ کرتے، آج کے میچ میں ٹونی ڈی زورزی ٹی 20 ڈیبیو کررہے ہیں۔














