ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ صرف زیادہ چلنا ہی نہیں بلکہ آپ کیسے چلتے ہیں، یہ زیادہ اہم ہے۔ یعنی 10 ہزار قدم پورے کرنے سے زیادہ، چلنے کی رفتار اور تسلسل آپ کی صحت کے لیے فیصلہ کن کردار ادا کرتے ہیں۔
یہ تحقیق معروف جریدے ’اینلز آف انٹرنل میڈیسن‘ میں شائع ہوئی، جس کے مطابق 15 منٹ یا اس سے زائد بلا رُکے چلنے والے افراد میں دل کی بیماریوں اور قبل از وقت موت کا خطرہ نمایاں طور پر کم پایا گیا۔
یہ بھی پڑھیے روزانہ 100 منٹ پیدل چلنا کمر درد میں نمایاں کمی کیسے کرتا ہے؟
مسلسل چلنے کے حیران کن نتائج
تحقیق کے مطابق جن افراد نے کم از کم 15 منٹ مسلسل واک کی، ان میں شرح اموات صرف 0.8 فیصد اور دل کی بیماریوں کی شرح 4.39 فیصد رہی۔ اس کے برعکس، وہ لوگ جو 5 منٹ یا اس سے کم وقفوں میں واک کرتے رہے، ان میں اموات کی شرح 4.36 فیصد جبکہ دل کے امراض کی شرح 13.03 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
یہ بھی پڑھیے ٹائپ 2 ذیابیطس یا شوگر سے نجات کے لیے کتنا تیزی سے چلنا ضروری ہے؟
ماہرین کے مطابق وقفے وقفے سے چلنے کے بجائے مسلسل اور تیز رفتار واک خون کی روانی کو بہتر بناتی ہے، دل کو مضبوط کرتی ہے اور جسمانی چربی کو کم کرنے میں زیادہ مؤثر ہے۔
واک، آسان مگر سب سے طاقتور ورزش
تحقیق میں کہا گیا ہے کہ واک سب سے سادہ، کم خرچ اور مؤثر ورزش ہے، جس کے لیے کسی جم، آلات یا خاص لباس کی ضرورت نہیں۔ تاہم زیادہ تر لوگ صحیح انداز میں چلنے کی اہمیت کو نظرانداز کر دیتے ہیں۔
ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ روزانہ 15 سے 30 منٹ تک بلا رُکے، معتدل سے تیز رفتار واک کو معمول بنائیں، کیونکہ یہی وہ عمل ہے جو دل کی صحت، وزن میں کمی اور لمبی عمر میں مدد دیتا ہے۔














