امریکا، برطانیہ، جرمنی اور عرب ممالک پر غزہ کی نسل کشی میں شراکت داری کا الزام

بدھ 29 اکتوبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اقوامِ متحدہ کی خصوصی نمائندہ برائے فلسطین فرانچیسکا البانیز نے اپنی حالیہ رپورٹ میں اسرائیل کی جانب سے غزہ میں کی جانے والی نسل کشی میں کئی ریاستوں کی شمولیت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

فرانچیسکا البانیز نے منگل کے روز اپنی رپورٹ بعنوان ’غزہ کی نسل کشی: ایک اجتماعی جرم‘ اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کو ایک نیا اور منصفانہ کثیرالجہتی نظام تشکیل دینا ہوگا تاکہ ایسے مظالم دوبارہ نہ ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیلی فوج کی غزہ پر وحشیانہ بمباری، 100 سے زیادہ فلسطینی شہید

انہوں نے مذکورہ خطاب جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن میں قائم ڈیسمنڈ اینڈ لیا ٹیوٹو لیگیسی فاؤنڈیشن سے ویڈیو لنک کے ذریعے کیا۔

ان کی 24 صفحات پر مشتمل رپورٹ 63  ممالک کے کردار کا جائزہ لیتی ہے، جنہوں نے اسرائیل کے غزہ اور مغربی کنارے میں اقدامات میں براہِ راست یا بالواسطہ کردار ادا کیا۔

فرانچیسکا البانیز کے مطابق غیر قانونی اقدامات اور دانستہ چشم پوشی کے ذریعے کئی ریاستوں نے اسرائیل کے فوجی نسلی امتیاز کو مضبوط کیا، جس نے فلسطینی عوام کے خلاف نسل کشی کی شکل اختیار کر لی، جو مقامی آبادی کے خلاف سب سے سنگین جرم ہے۔”

اسرائیل کو طاقت دینے والے تعلقات اورعالمی دوغلا پن

رپورٹ کے مطابق نسل کشی کو ممکن بنانے میں ان ممالک نے کردار ادا کیا جنہوں نے اسرائیل کو بین الاقوامی فورمز پر سفارتی تحفظ، فوجی تعاون، اسلحے کی فراہمی، مشترکہ تربیت، اور امداد کے سیاسی استعمال کے ذریعے مدد فراہم کی۔

رپورٹ میں خاص طور پر یورپی یونین کی منافقت کی نشاندہی کی گئی، جو یوکرین پر روسی حملے کے بعد روس پر پابندیاں عائد کرتی ہے مگر اسرائیل کے ساتھ کاروباری تعلقات برقرار رکھتی ہے۔

امریکا، برطانیہ اور جرمنی پر کڑی تنقید

رپورٹ میں کہا گیا کہ امریکا نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں 7 بار ویٹو پاور استعمال کر کے اسرائیل کو سفارتی تحفظ فراہم کیا اور جنگ بندی مذاکرات پر کنٹرول رکھا۔

رپورٹ کے مطابق، دیگر مغربی ممالک نے بھی تاخیر، نرم قراردادوں اور ’توازن‘ کے بیانیے کے ذریعے اسرائیل کے حق میں فضا ہموار کی، کئی ریاستوں نے واضح ثبوتوں کے باوجود اسرائیل کو اسلحہ فراہم کرنا جاری رکھا۔

امریکی کانگریس کی جانب سے 26.4 ارب ڈالر کے دفاعی پیکیج کی منظوری کو ’واضح منافقت‘ قرار دیا گیا، خاص طور پر اس وقت جب اسرائیل رفح پر حملے کی دھمکیاں دے رہا تھا جسے بائیڈن انتظامیہ ’ریڈ لائن‘ قرار دے چکی تھی۔

مزید پڑھیں: جنگ بندی کی خلاف ورزی: نیتن یاہو کے حکم کے بعد اسرائیلی فوج نے غزہ پر دوبارہ بمباری شروع کردی

جرمنی کو رپورٹ میں اسرائیل کا دوسرا بڑا اسلحہ فراہم کنندہ بتایا گیا، جس نے فریگیٹس، ٹورپیڈوز اور دیگر جنگی سازوسامان فراہم کیا۔

اسی طرح برطانیہ پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس نے اکتوبر 2023 کے بعد سے اب تک 600 سے زائد جاسوس پروازیں غزہ کے اوپر کیں۔

عرب ممالک کی خاموش شمولیت

رپورٹ نے امریکا کی ثالثی سے اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے والے عرب و مسلم ممالک کے کردار کو بھی نسل کشی میں بالواسطہ شراکت داری قرار دیا۔

اس میں کہا گیا کہ مصر نے جنگ کے دوران رفح کراسنگ بند رکھی اور اسرائیل کے ساتھ سیکیورٹی و توانائی کے معاہدے برقرار رکھے۔

امریکی پابندیاں اور اقوامِ متحدہ کی خودمختاری پر حملہ

فرانچیسکا البانیز نے ان پابندیوں پر بھی بات کی جو امریکا نے ان پر رواں سال عائد کیں، ان پابندیوں کے باعث وہ نیو یارک جا کر رپورٹ پیش نہیں کر سکیں۔

’یہ اقدامات اقوامِ متحدہ کی خودمختاری، اس کی آزادی اور وقار پر براہِ راست حملہ ہیں، اگر انہیں چیلنج نہ کیا گیا تو یہ کثیرالجہتی نظام کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوں گے۔‘

’نئے عالمی نظام کی ضرورت‘

انہوں نے جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو ایسے کثیرالجہتی نظام کی ضرورت ہے، جو محض دکھاوا نہیں بلکہ سب کے حقوق، انصاف اور وقار پر مبنی ایک حقیقی ڈھانچہ ہو۔ ’چند کے لیے نہیں، سب کے لیے۔‘

انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ، زمبابوے، پرتگال اور دیگر ریاستوں کے خلاف ماضی میں کیے گئے عالمی اقدامات اس بات کا ثبوت ہیں کہ جب عالمی برادری چاہے تو بین الاقوامی قانون انصاف اور خودارادیت کے تحفظ کے لیے مؤثر ثابت ہوسکتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

کیا گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو ہٹایا جارہا ہے؟ نئے گورنر کون ہوں گے؟

پاس کیز روایتی پاس ورڈز کا محفوظ متبادل ہوسکتا ہے؟

یونس خان نے اپنا میڈیا ہاؤس لانچ کردیا

اسرائیل کی جانب سے غزہ جنگ بندی کی خلاف ورزی، قطری وزیراعظم کا ردعمل آگیا

ناسا کی بڑی کامیابی: دمدار ستارے میں پانی کے اجزا کی دریافت

ویڈیو

پشاور میں ہسپانوی ثقافتی رقص کے جلوے

پاک افغان مذاکرات ناکام، خواجہ آصف نے طالبان کو وارننگ دے دی

بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کے بڑھتے مسائل، پاکستان کو کتنے ارب ڈالر کا نقصان ہورہا ہے؟

کالم / تجزیہ

اگر  خوبرو ’دیئیلا‘ پاکستان میں آ جائے تو؟

کیا افغانستان دوست ہے؟

پاک افغان مذاکرات کی ناکامی، افغان طالبان کو فیل کرے گی