وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آوارہ گفتگو کرتے ہیں اور وہ ذہنی طور پر ٹھیک نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی کو چیک کروانے کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیے کے پی میں گورنر راج کا معاملہ زیرغور نہیں، عمران خان میثاق استحکام پاکستان کی طرف آئیں، رانا ثنااللہ
رانا ثنااللہ ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کر رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی کے ساتھ کوئی مسئلہ ہے۔ وہ تقریر میں کچھ اور کہتے ہیں، عمل میں کچھ اور۔ ان کے ساتھ نفسیاتی مسئلہ ہے، انہیں چیک اپ کروانا چاہیے۔
’عمران خان سے سیاسی مشاورت کی اجازت نہیں‘
وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ اگر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے کابینہ کی تشکیل کے لیے مشاورت کرنا چاہتے ہیں تو یہ قانونی طور پر ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا ’رولز میں بڑی واضح قدغن ہے کہ قید میں موجود کسی شخص کے ساتھ سیاسی مشاورت نہیں کی جا سکتی۔‘
یہ بھی پڑھیے سہیل آفریدی خود اسلام آباد پر چڑھائی کرچکے، ان پر شکوک و شبہات بلاجواز نہیں، رانا ثنااللہ
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے حال ہی میں کہا تھا کہ وہ اپنی صوبائی کابینہ کے قیام سے قبل عمران خان سے سیاسی رہنمائی کے خواہاں ہیں۔
پی ٹی آئی کی قیادت کا مؤقف ہے کہ عمران خان پارٹی کے بانی اور مرکزی رہنما ہیں، اس لیے ان سے مشاورت پارٹی آئین کے مطابق ہے۔













