نوجوانوں کو ڈیجیٹل تعلیم اور جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کے لیے پرائم منسٹر یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم کا چوتھا مرحلہ باقاعدہ شروع کردیا گیا ہے، جس کا افتتاح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ایک پروقار تقریب میں کیا گیا، تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، ملک بھر کی یونیورسٹیوں کے طلبہ، اساتذہ، وفاقی وزرا اور اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔
اس اسکیم کے تحت ایک لاکھ مستحق طلبہ کو میرٹ کی بنیاد پر جدید ترین لیپ ٹاپ مفت فراہم کیے جائیں گے۔ افتتاحی تقریب کی صدارت پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کی، جنہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ نوجوان نسل کی بااختیاری اور تعلیم کے فروغ کی سمت ایک تاریخی قدم ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم میں بڑا اسکینڈل، 1011 لیپ ٹاپ غائب ہوگئے
رانا مشہود احمد خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کے نوجوان ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں، اور انہیں ڈیجیٹل تعلیم سے جوڑ کر ہی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔ ان کے مطابق یہ اسکیم نہ صرف تعلیمی میدان میں مددگار ہوگی بلکہ روزگار اور انٹرپرینیورشپ کے نئے مواقع بھی پیدا کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی نگرانی میں چلنے والی یہ اسکیم ڈیجیٹل ڈیوائیڈ ختم کرنے اور طلبہ کو عالمی معیار کی تعلیم تک رسائی دلانے کے لیے شروع کی گئی ہے۔
تقریب کے دوران کئی طلبہ کو علامتی طور پر لیپ ٹاپ دیے گئے، جب کہ ملک بھر میں تقسیم کا عمل بھی آج سے شروع ہو گیا ہے۔ میرٹ لسٹ جاری کردی گئی ہے اور طلبہ اپنی اہلیت pmyp.gov.pk یا pmlaptop.hec.gov.pk پر چیک کر سکتے ہیں۔
رانا مشہود احمد خان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ’لِوِل اپ! کیا تم تیار ہو؟ پرائم منسٹر یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم واپس آگئی ہے، اور اس بار بھی بڑے پیمانے پر! اس چوتھے مرحلے میں، پاکستان بھر کے ایک لاکھ شاندار طلبہ کو نئے لیپ ٹاپ کے ذریعے ان کا مستقبل روشن کرنے کا موقع ملے گا۔‘
یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت نے ایک اور لیپ ٹاپ اسکیم کا اعلان کر دیا
انہوں نے پیغام کے ساتھ ’لِوِل اپ! کیا تم تیار ہو؟‘ کا نعرہ بھی دیا، اور نوجوانوں کو علم، ٹیکنالوجی اور محنت کے ذریعے اپنی تقدیر خود بنانے کی ترغیب دی۔
رانا مشہود نے اعلان کیا کہ آنے والے دنوں میں ووکیشنل ٹریننگ اور انٹرپرینیورشپ پروگرامز سمیت مزید اسکیمز کا اعلان کیا جائے گا تاکہ نوجوانوں کو عملی میدان میں زیادہ مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدام پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کو مضبوط بنانے اور نوجوان نسل کو عالمی چیلنجز کے مقابلے کے لیے تیار کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔














