وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے معاشی اشاریے مثبت سمت میں جا رہے ہیں، اور ملک کی معیشت بحالی کے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔
اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شزا فاطمہ خواجہ کا کہنا تھا کہ پالیسی ریٹ جو ماضی میں 23 فیصد تھا، اب کم ہو کر 11 فیصد تک پہنچ گیا ہے، جب کہ مہنگائی کی شرح جو کبھی 39 فیصد تک جا پہنچی تھی، آج 5 فیصد سے بھی کم ہے۔
شزا فاطمہ نے کہا کہ ان مثبت معاشی اشاروں کی بدولت عالمی سطح پر پاکستان پر اعتماد بحال ہوا ہے، جو آئندہ معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں آئی ٹی کا شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور نوجوانوں کو روزگار کے وسیع مواقع فراہم کر رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے زور دیا کہ پاکستان نے صرف معاشی میدان میں نہیں بلکہ سفارتی سطح پر بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں، جو ملک کے عالمی وقار میں اضافے کا باعث بن رہی ہیں۔
 
         
                
             
         
              
              
              
              
                 
                    













