بھارت کی مشہور فلم ’باہو بلی‘ جس کا شمار بھارتی سنیما کی سب سے کامیاب فلموں میں کیا جاتا ہے۔ چند دنوں سے یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ باہوبلی کے مداحوں کے لیے ایک بڑا سرپرائز آنے والا ہے۔ باہوبلی کے پروڈیوسر نے کہا تھا کہ ’باہوبلی: دی ایپک‘ کی ریلیز کے ساتھ ایک خاص اعلان کیا جائے گا۔ یہ راز اب منظرِ عام پر آ گیا ہے۔
پربھاس اور رنا دگ گبت کے ساتھ حالیہ پروموشنل انٹرویو میں مشہور ہدایت کار ایس ایس راجامولی نے ایک بڑا اعلان کیا جس نے مداحوں کو حیران کر دیا۔انہوں نے کہا کہ ’یہ باہوبلی 3 نہیں ہے، بلکہ اس دنیا کی ایک توسیع ہے۔ ہم نے ایک 3D اینیمیٹڈ فلم بنائی ہے جس کا نام ’باہوبلی: دی ایٹرنل وار‘ ہے۔ اس کا ٹیزر ’باہوبلی: دی ایپک‘ کے درمیانی وقفے میں ریلیز کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ’پٹھان‘ نے کمائی میں ’باہو بلی2‘ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا
راجامولی نے کہا کہ ’باہوبلی: دی ایٹرنل وار‘ پر مجموعی طور پر 120 کروڑ روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔ شوبھو یارلگاڑا اس پروجیکٹ پر مسلسل دو سال سے کام کر رہے ہیں۔ اب ہم یہ فلم 120 کروڑ روپے کے بجٹ پر بنا رہے ہیں۔
پربھاس اس بات کو سن کر حیران ہوئے اور مزاحیہ انداز میں کہا، ’120 کروڑ؟ یہ تو ہمارے ‘باہوبلی 1’ کے پلان کردہ بجٹ کے برابر ہے‘۔
راجامولی نے یہ بھی بتایا کہ یہ فلم بین الاقوامی سطح پر مشہور اینیمیٹڈ اسٹوڈیو Arcane نے پروڈیوس کی ہے اور تصدیق کی کہ ’باہوبلی 3‘ مستقبل میں ضرور بنائی جائے گی۔ واضح رہے کہ باہوبلی: دی ایپک 31 اکتوبر کو عالمی سطح پر ریلیز ہوگی۔
 
         
                
             
         
              
              
              
              
                














