ہنگو کے علاقے دوآبہ میں پولیس حکام کے قافلے کو آئی ای ڈی حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیے: ہنگو میں گیس پلانٹ پر دہشتگردوں کا حملہ، 6 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے
پولیس حکام کے مطابق ایس پی انویسٹی گیشن عبدالصمد، ڈی ایس پی ٹل مجاہد اور ایس ایچ او عمران الدین سرکاری قافلے میں موجود تھے جب اچانک دھماکا ہوا۔
حکام کے مطابق دھماکے کے فوراً بعد پولیس اور حملہ آوروں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا۔ حملے میں ایس ایچ او دوآبہ عمران الدین، سب انسپکٹر جہاد علی اور ڈسٹرکٹ اسپیشل برانچ کے اہلکار عابد زخمی ہوئے۔
زخمیوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال ہنگو منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی حالت خطرے سے باہر قرار دی ہے۔
مزید پڑھیں: افغان حکومت بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردی کی سرپرست ہے، وزیر دفاع خواجہ آصف
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ہنگو دہشتگردی کا نشانہ بن چکا ہے۔ چند روز پہلے ہونے والے بم دھماکے میں ایس پی آپریشنز اسد زبیر 3 پولیس اہلکاروں سمیت شہید ہو گئے تھے۔














