پاکستان تحریک انصاف کے اقلیتی مرکزی صدر جے پرکاش یوحنا نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا

جمعہ 19 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے اقلیتی مرکزی صدر جے پرکاش یوحنا نے کہا ہے کہ میں 9 مئی کو ہونے والی ہنگامہ آرائی کی مذمت کرتا ہوں اور آج ہی پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کرتا ہوں، آئندہ کا لائحہ عمل بعد میں بتاؤں گا۔

پاکستان تحریک انصاف کے اقلیتی مرکزی صدر جے پرکاش یوحنا نے کراچی پریس کلب میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا مجھے کسی نے حراست میں نہیں لیا تھا، 5 روز سے سوچ میں مبتلا تھا، آج پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

جے پرکاش یوحنا کا کہنا تھا ’میں نے 2013 میں پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی تھی، پی ٹی آئی میں اہم عہدے پر رہا، آج بھی صوبے کا اقلیتی صدر ہوں‘۔ ان کا کہنا تھا تحریک انصاف نے کرپشن کے خلاف بات کی اور آج بھی کرپشن کے خلاف ہے، عمران خان اور دیگر کا شکر گزار ہوں کہ مجھے یہاں تک پہنچایا۔

جے پرکاش یوحنا نے مزید کہا کہ مشکل وقت میں پارٹی کے ساتھ تھے، پی ٹی آئی جمہوریت پسند پارٹی ہے، 11 ماہ میں جو جدوجہد کی گئی ملک کی بہتری کے لیے کی گئی۔

جے پرکاش یوحنا گفتگو کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے، کہا میں نے پارٹی کو منظم کرنے کے لیے کوشش کی۔ 9 مئی کو عمران خان کی گرفتاری کے بعد پر امن احتجاج نے پر تشدد شکل اختیار کی، جناح ہاؤس کو نقصان پہنچایا گیا، جلاؤ گھیراؤ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں کوئی ایسے احکامات نہیں تھے کہ نقصان پہنچایا جائے، جنہوں نے نقصان پہنچایا وہ خود بتا سکتے ہیں کہ انہیں کس نے احکامات دیے۔ کہا فوج ہے تو پاکستان ہے، پاکستان ہے تو ہم ہیں۔ 10 سے 9 بندے اگر اچھے ہیں اور کسی ایک نے غلط کیا تو سب کو برا نہیں کہہ سکتے ہیں۔

جے پرکاش یوحنا کا کہنا تھا میرے علم میں نہیں کہ کوئی اور پی ٹی آئی بننے جا رہی ہے، پورا پاکستان دیکھ رہا ہے کہ میں گھر سے یہاں آیا ہوں، ہر انسان اپنا فیصلہ خود کرتا ہے، ہر شخص کو اپنے فیصلے کا اختیار ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp