خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز کی ایک کارروائی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنماؤں کے قتل میں ملوث دہشتگرد مارا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائی باجوڑ کے علاقے کوثر میں کی گئی جس میں دہشتگرد ضیاالدین عرف ابراہیم ادریس کو ہلاک کیا گیا۔
مزید پڑھیں: افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام، سیکیورٹی فورسز نے 2 افغان شہریوں سمیت 3 دہشتگرد ہلاک کردیے
ذرائع کے مطابق ضیاالدین کئی ہائی پروفائل ٹارگٹ کلنگز میں ملوث تھا، جن میں پی ٹی آئی کے رہنما ریحان زیب، اے این پی کے مولانا خان زیب، ڈپٹی کمشنر ناوگئی اور جے یو آئی کے ارکان کے قتل شامل ہیں۔
اس کے علاوہ مارے گئے دہشتگرد پر متعدد پولیس اہلکاروں کے قتل کا بھی الزام تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ ضیاالدین طالبان کے کابل پر قبضے سے قبل افغان جیل میں قید تھا، مگر طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد اسے رہا کر دیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں: بہت ہوگیا، اب افغان طالبان کی تجاویز نہیں حل چاہیے، اور حل ہم نکالیں گے: ڈی جی آئی ایس پی آر
2023 میں ضیاالدین افغانستان سے پاکستان میں داخل ہوا تھا، اور اس کی ہلاکت سے داعش خراسان کے نیٹ ورک کو شدید نقصان پہنچا ہے۔














