پاکستان تحریک انصاف کے رہنما، سابق صوبائی وزیر اور خیبر پختونخوا حلقہ 111 شمالی وزیرستان سے سابق رکن اسمبلی اقبال وزیر نے پی ٹی آئی کی بنیادی رکنیت اور ضلعی صدارت سے استعفی دے دیا ہے۔
پشاور پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کے دوران محمد اقبال وزیر نے صدر تحریک انصاف ضلع شمالی وزیرستان اور بنیادی رکنیت سے مستفی ہونے کا اعلان کیا۔کہا 9 مئی کے دن کچھ پارٹی رہنما اور ناسمجھ کارکنان اداروں پر حملہ آور ہوئے، جو ناقابل برداشت ہے۔مزید اس پارٹی کا حصہ نہیں رہ سکتا جو اداروں سے تصادم پہ اتر آئی ہو۔
محمد اقبال وزیر نے مزید کہا کہ ’میں کسی بھی دباؤ کے بغیر آزادانہ طور پر پارٹی چھوڑنے کا اعلان کرتا ہوں۔ اقبال وزیر نے 9 مئی کو عمران خان کی گرفتاری کے خلاف مظاہروں کے دوران توڑ پھوڑ اور سرکاری املاک پر حملوں کی مذمت بھی کی۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے مجھے وزیر ریلیف کا عہدہ دیا، میں پی ٹی آئی کا ضلعی صدر بھی ہوں، تحریک میں عمران خان کا ایمانداری کے ساتھ ساتھ نبھایا۔ شمالی وزیرستان کے لوگوں کا شکر گزار ہوں کہ غیور عوام نے میرا ساتھ دیا، کسی بھی دباؤ میں نہیں آیا، اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ اپنے عمائدین کے مشورے سے کروں گا۔
محمد اقبال وزیر صحافیوں کے سوالات کے جواب دیے بغیر پریس کانفرنس ختم کرکے چلے گئے۔