چینی قونصل جنرل نے ایک بلٹ پروف کار محکمہ داخلہ پنجاب کے حوالے کی ہے، جو چینی سرمایہ کاروں اور انجینئرز کی محفوظ نقل و حرکت کے لیے استعمال ہوگی۔
چینی قونصل جنرل ژاؤ شیرین نے سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی سے ملاقات میں اس حوالے سے معاہدے پر دستخط بھی کیے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب کی جیلوں میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال، سنگین وارداتوں کے 240 مقدمات حل
دونوں رہنماؤں نے صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور صوبے میں مقیم چینی باشندوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا۔

چینی قونصل جنرل ژاؤ شیرین نے کہا کہ چین پاکستان میں بڑے انفرا اسٹرکچر منصوبوں پر کام کر رہا ہے اور چینی کمپنیاں یہاں مزید سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی رکھتی ہیں۔
انہوں نے پنجاب میں امن و امان کے قیام کے لیے محکمہ داخلہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ چینی سرمایہ کاروں اور انجینیئرز کے تحفظ کے لیے حکومت پنجاب کے اقدامات قابل تحسین ہیں۔
مزید پڑھیں: پنجاب کی جیلوں میں ایڈز کے مریضوں میں اضافہ کیوں؟ محکمہ داخلہ نے بتادیا
سیکریٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ سی پیک پروجیکٹس پر کام کرنے والے آفیشلز اور سیاحوں کی حفاظت حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے میں موجود تمام چینی باشندوں کی سیکیورٹی اور سہولت کے لیے جامع حکمتِ عملی اپنائی گئی ہے، جبکہ حکومت پنجاب نے اپنے وسائل سے ایک بلٹ پروف وین بھی فراہم کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام انڈسٹریل زونز میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں اور چینی شہریوں کے تحفظ کے لیے اسپیشل پروٹیکشن یونٹ کی استعداد میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے۔














