امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق پر مبینہ خود کش حملہ ہوا ہے وہ اوران کے ہمراہ دیگر ساتھی مکمل محفوظ رہے ہیں تاہم قافلے میں شریک 7 افراد زخمی ہوئے جن میں 4 کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان کی مذمت
وزیراعلیٰ نے واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے محفوظ رہنے کی تصدیق کی ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے اپنے مذمتی بیان میں ژوب میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے استقبالیہ قافلے کے قریب ہونے والے دھماکے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
ادھر جماعت اسلامی کے آفیشل ٹوئٹر پیج پر ایک ٹوئٹ میں کہا گیا ہے کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق پر خودکش حملہ آج ژوب میں جلسہ عام سے خطاب کے لیے موجود تھے امیر جماعت کو قافلے کی صورت میں لے جایا جا رہا تھا، خودکش حملہ آور نے اس دوران دھماکا کیا سراج الحق اس حملے میں محفوظ رہے جماعت اسلامی کے 7 کارکنان زخمی ہیں، 4 کی حالت نازک ہے امیر جماعت اسلامی شیڈول کے مطابق جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق پر بلوچستان میں خودکش حملہ ہوا ہے حملہ آور مارا گیا ہے ہےالحمدللہ سراج الحق اور دیگر تمام احباب محفوظ ہیں
— Ameer Ul Azim (@Ameerulazim) May 19, 2023
وزیر اعلیٰ نے اپنے مذمتی بیان میں اس دہشت گردی کے اس اقدام میں امیر جماعت اسلامی کے محفوظ رہنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں کہ جس نے امیر جماعت اسلامی پاکستان اور ان کے ساتھیوں کی حفاظت فرمائی ۔
انہوں نے واقعہ میں 7 افراد کے زخمی ہونے پر دلی افسوس کا اظہاربھی کیا اور کہا کہ دہشت گرد بد امنی پھیلا کر اپنے مذموم مقاصد کا حصول چاہتے ہیں۔ دہشت گرد عناصر اور ان کے سرپرستوں کو ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔
جب امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے قافلے پر خودکش حملہ کیا گیا
سراج الحق قافلے کی صورت میں ژوب میں جلسہ عام سے خطاب کے لیے جا رہے تھے
خودکش حملہ آور نے اس دوران سراج الحق کی گاری کے قریب خود کو دھماکہ سے اڑایا
سراج الحق اس حملے میں محفوظ رہے
جماعت اسلامی کے 7 کارکنان زخمی ہیں، 4… pic.twitter.com/6yMu3XxURw— Jamaat e Islami Pakistan (@JIPOfficial) May 19, 2023
وزیراعلی کی جانب سے امیر جماعت اسلامی کی درازی عمر اور صحت و سلامتی کے لیے دعا اور نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا گیا۔
ادھرمیڈیا کوآرڈی نیٹر جماعت اسلامی بلوچستان ولی شاکر نے بھی واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ژوب پہنچتے ہی جماعت اسلامی کے امیرسراج الحق کے استقبالیہ جلوس میں سراج الحق کی گاڑی کے قریب خودکش دھماکا ہوا ہے۔
ادھر’وی نیوز‘ کو مقامی پولیس نے بتایا ہے کہ سراج الحق پر خود کش حملہ اس وقت ہوا جب وہ ژوپ کے علاقے میں اپنے استقبالیہ جلوس کے ہمراہ آگے بڑھ رہے تھے کہ اچانک یہاں دھماکا ہوا تاہم سراج الحق اوران کے ساتھ ان کے دیگر ساتھی محفوظ رہے ہیں۔

’وی نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے ژوب پولیس نے واقعہ کی تصدیق کی ہے۔
ژوب کے ڈسٹرکٹ پولیس افیسر کے مطابق دھماکا ژوب سے چھ کلو میٹر دور کوئٹہ روڈ پر ہوا۔
پولیس افسران اور بم ڈسپوزل اسکواڈ فوری جائے حادثہ کی طرف روانہ ہوئے۔ تاہم دھماکے کی نوعیت کے متعلق کچھ نہیں جا سکا کہ آیا یہ خود کش دھماکا تھا یا ان کے قافلے پر دستی بم پھینکا گیا۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور مارا گیا ہے۔
ادھرسیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹویٹر‘ پر اپنے ٹویٹ میں بھی واقعے کی تصدیق کی ہے۔
انہوں نے اپنے ٹویٹ میں لکھا ہے کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق پر بلوچستان میں خودکش حملہ ہوا ہے حملہ آور مارا گیا ہے ہےالحمدللہ سراج الحق اور دیگر تمام احباب محفوظ ہیں۔
جماعت اسلامی پاکستان کے ترجمان قیصر شریف کے مطابق نامعلوم خودکش حملہ آور کی کارروائی میں سراج الحق اور کارکنان محفوظ رہے۔ ان کے مطابق قافلے میں شامل چند کارکنان زخمی ہوئے جب کہ کچھ گاڑیوں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔
وزیر اعظم پاکستان کی سراج الحق کے قافلے پر حملے کی مذمت
وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے بلوچستان میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کے قافلے پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے بلوچستان حکومت کو تحقیقات کی ہدایت جاری کی ہے
ژوب میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے قافلے پر خودکش حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ قیمتی جانوں کے ضیاع پردل رنجیدہ ہے۔ میں نے بلوچستان حکومت کو ہدایت کی ہے کہ وہ حملے کی تمام زاویوں سے تحقیقات کرے اور اس خوفناک حملے میں ملوث کرداروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ اللّہ پاک…
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) May 19, 2023
کوئٹہ بلوچستان کے علاقے ژوب میں امیر جماعت اسلامی کے قافلے پر خود کش بم حملے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک ٹوئٹ میں میاں محمد شہبازشریف کا کہنا ہے کہ ژوب میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے قافلے پر خودکش حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ قیمتی جانوں کے ضیاع پر دل رنجیدہ ہے۔
میں نے بلوچستان حکومت کو ہدایت کی ہے کہ وہ حملے کی تمام زاویوں سے تحقیقات کرے اور اس خوفناک حملے میں ملوث کرداروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ اللّہ پاک زخمیوں کو جلد اور مکمل صحت یابی عطا فرمائیں۔
زندگی اللہ کے ہاتھ میں ہے، سراج الحق
بلوچستان کے علاقے ژوب میں ان کے قافلے پر حملے کے بعد وہاں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ مجھ پر آج خود کش بم دھماکا کیا گیا لیکن یاد رکھیں زندگی اللہ کے ہاتھ میں ہے۔ میں ایسی دھمکیوں سے گھبرانے والا نہیں ہوں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے کسی نے کہا کہ جلسہ ملتوی کر دوجواب میں، میں نے کہا کہ کسی صورت جلسہ ملتوی نہیں کروں گا۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ میں کرپشن زدہ نہیں ہوں، ترقی پسند ہوں اور ترقی یافتہ پاکستان دیکھنا چاہتا ہوں۔
جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ 75 سالوں سے بدبخت حکمرانوں نے ملک میں لوٹ مار مچا رکھی ہے۔ حمکرانوں نے اس ملک کو دو لخت کردیا ہے۔ یہاں تک کہ اب پاکستان میں مرنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا صوبہ بلوچستان معدنیات سے مالا مال ہے لیکن اس کے باوجود عوام کوتمام بنیادی سہولتوں سے محروم رکھا جا رہا ہے۔
سراج الحق کے قافلے پرحملے سے کوئی تعلق نہیں: کالعدم تحریک طالبان
کالعدم ’تحریک طالبان پاکستان‘ (ٹی ٹی پی) نے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کے قافلے پر خود کش بم دھماکے سے لا تعلقی کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی مذمت کی ہے۔
پاکستان میں کالعدم تنظیم ’تحریک طالبان پاکستان‘ (ٹی ٹی پی) کی جانب سے جاری ایک تحریری بیان میں کہا گیا ہے کہ: ’ موصولہ اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع ژوب میں جماعت اسلامی کے امیر محترم سراج الحق پر حملے کی اطلاعات ہیں ہم اسکی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور اس سے برآت کا اعلان کرتے ہیں
بیان میں کہا گیا ہے کہ زخمیوں کی جلد صحت یابی اورشہادت کی جو اطلاع موصول ہورہی ہے ان کے اہلخانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہم پہلے بھی بارہا واضح کرچکے ہیں کہ دینی و سیاسی جماعتیں ہمارے اہداف میں شامل نہیں ہیں ایسی کاروائیاں ملک میں موجود اسلام دشمن عناصر کرتے ہیں بقول ان کے تاکہ جہاد اور مجاہدین کو بدنام کیا جائے۔
پریس ریلیز میں مزید کہا گیا ہے کہ سیاسی اور مذہبی جماعتیں ہمارے اہداف میں شامل نہیں ہیں بعض چینلز سستی شہرت کے حصول کے چکر میں من گھڑت کہانیاں پھیلا رہے ہیں۔
مٹھا خان کاکڑ کا امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے رابطہ
ادھروزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر مشیر اطلاعات مٹھا خان کاکڑ نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے رابطہ کیا ہے ۔ انہوں نے امیر جماعت اسلامی سے ان کی خیریت دریافت کی
اور دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت اور جماعت اسلامی کے کارکنوں سے یکجہتی کا اظہار کیا۔
مشیراطلاعات نے امیر جماعت اسلامی کی صحت و سلامتی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا اوریقین دہانی کرائی کہ دھماکے میں زخمی ہونے والوں کوعلاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے سراج الحق کو یہ یقین دہانی بھی کرائی کہ واقعے کے بعد شہر میں سیکیورٹی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے صوبائی مشیر اطلاعات کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ
دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔
عمران خان کی جانب سے مذمت
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے چیئرمین عمران خان نے بھی امیر جماعتِ اسلامی سراج الحق اور ان کے قافلے پر خود کش حملے کی شدید مذمت کی ہے
امیر جماعتِ اسلامی سراج الحق اور ان کے قافلے پر خود کش حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ میری دعائیں حملے میں زخمی ہونے والے جماعتِ اسلامی کے کارکنان کے ساتھ ہیں۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) May 19, 2023
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھے گئے ایک ٹویٹ میں عمران خان نے کہا کہ
امیر جماعتِ اسلامی سراج الحق اور ان کے قافلے پر خود کش حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ میری دعائیں حملے میں زخمی ہونے والے جماعتِ اسلامی کے کارکنان کے ساتھ ہیں۔