پنجاب اسمبلی نے متفقہ طور پر ایک قرار داد منظور کی ہے جس میں 17 جون 2025 کو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان طے پانے والے دفاعی معاہدے کو سراہا گیا اور ملک کی سیاسی و عسکری قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاک سعودی معاہدہ برادرانہ تعلقات کی تجدید اور خطے میں قیام امن کی ضمانت ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر
قرار داد حکومت کے رُکن شگفتہ فیصل نے ایوان میں پیش کی۔ قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ اس تاریخی معاہدے کے تحت پاکستان کو حرمین شریفین کی حفاظت کی ذمہ داری سونپی گئی ہے جو ایک باعث سعادت امر ہے۔
قرار داد میں یہ بھی بیان کیا گیا کہ پاکستان 40 سے زائد اسلامی ممالک میں واحد ایٹمی طاقت ہے اور حال ہی میں ملک نے دشمن کو سخت نقصان پہنچا کر عالمی سطح پر اپنی طاقت کا ثبوت دیا ہے۔
قرارداد میں اس اعزاز کو وزیر اعظم شہباز شریف کے اس تاریخی فیصلے کی یاد دہانی قرار دیا گیا جسے قرار داد کے مطابق انہوں نے اندرونی و بیرونی دباؤ کے باوجود انجام دیا اور اسی فیصلے نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنا کر امت مسلمہ کے دفاع کو مضبوط کیا۔
مزید پڑھیے: سعودی پاک دفاعی معاہدہ اسٹریٹیجک، معیشت اور خوشحالی کا احاطہ کرتا ہے، سیکیورٹی حکام
اسی کے ساتھ ایوان نے وزیر اعظم شہباز شریف کی شب و روز مصروفیت اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی نیک نیتی و عسکری حکمت عملی کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اپنی یہ ذمہ داری اخلاص و ایمان کے ساتھ نبھائے گا اور اسلام و عالم اسلام کے خلاف ترتیب دی جانے والی ہر سازش کو ناکام بنائے گا۔
مزید پڑھیں: پاک سعودی تعلقات اور تاریخی پس منظر
پنجاب اسمبلی کی جانب سے منظور شدہ یہ قرارداد متعلقہ وفاقی اور عسکری حکام کو بھیجی جائے گی تاکہ صوبائی تائید اور یکجہتی کا باقاعدہ اظہار ریکارڈ میں رہے۔














