برطانیہ کے فٹبال لیجنڈ ڈیوڈ بیکہم کو بالآخر بادشاہ کی جانب سے ’نائٹ ہڈ‘ کے اعلیٰ ترین اعزاز سے نوازا گیا۔
منگل کے روز ونڈسر کیسل میں ہونے والی ایک پُروقار تقریب میں 50 سالہ بیکہم کو یہ اعزاز دیا گیا، جو برطانیہ میں سب سے نمایاں شاہی اعزازات میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔
تقریب میں ان کی اہلیہ اور معروف فیشن ڈیزائنر و سابق اسپائس گرل وکٹوریہ بیکہم بھی شریک تھیں۔
Sir David Beckham has received a knighthood at Windsor Castle 👑 pic.twitter.com/VPqpZVinNF
— ESPN FC (@ESPNFC) November 4, 2025
بیکہم کو فٹبال اور برطانوی معاشرے کے لیے خدمات کے اعتراف میں نائٹ ہُڈ عطا کیا گیا، جس کے بعد اب ان کا باضابطہ خطاب ’سر ڈیوڈ بیکہم‘ ہوگا۔
تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیکہم نے کہا کہ وہ اس لمحے پر بے حد فخر محسوس کر رہے ہیں، لوگ میری حب الوطنی سےواقف ہیں ۔
مزید پڑھیں: لندن کے میئر صادق خان کا اعزاز، شاہ چارلس کی جانب سے نائٹ کا خطاب
’میری فیملی کے لیے بادشاہت ہمیشہ بہت اہم رہی ہے، جب میں دنیا بھر میں سفر کرتا ہوں تو لوگ ہمیشہ ہماری بادشاہت کے بارے میں بات کرتے ہیں، یہ میرے لیے باعثِ فخر ہے۔‘
وکٹوریہ بیکہم نے اس موقع کے لیے اپنے شوہر کا سوٹ خود ڈیزائن کیا، جس سے اس تاریخی لمحے کو ذاتی رنگ دیا۔

ڈیوڈ بیکہم نے بطور انگلینڈ فٹبال ٹیم کے کپتان عالمی شہرت حاصل کی۔ وہ مانچسٹر یونائیٹڈ، ریئل میڈرڈ اور ایل اے گلیکسی جیسے بڑے کلبز کے لیے کھیلتے رہے۔
2023 میں ان کی نیٹ فلکس دستاویزی سیریز ’بیکہم‘ نے دنیا بھر میں مقبولیت حاصل کی، جو ان کی اپنی پروڈکشن کمپنی اسٹوڈیو 99 کے تحت تیار کی گئی تھی۔
مزید پڑھیں:لندن کا مشہور ’گریگز ساسیج رول‘ مادام تساؤ میوزیم تک کیسے پہنچا؟
اس کامیابی کے بعد رواں سال وِکٹوریہ بیکہم کی 3 حصوں پر مشتمل سیریز بھی ریلیز ہوئی۔
بیکہم 2022 میں اُس وقت بھی سرخیوں میں رہے جب انہوں نے ملکہ الزبتھ دوم کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے 12 گھنٹے سے زائد قطار میں کھڑے ہو کر اپنی باری کا انتظار کیا۔
فلاحی سرگرمیوں میں بھی ان کا کردار نمایاں رہا ہے۔ وہ یونیسف کے ساتھ طویل عرصے سے منسلک ہیں اور 2024 میں کنگز فاؤنڈیشن کے سفیر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔













