میئرشپ انتخابات: پی ٹی آئی کا پیپلز پارٹی پر دھاندلی کا الزام

ہفتہ 20 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کراچی نے پاکستان پیپلز پارٹی پر کراچی کی میئرشپ کے لیے انتخابات میں دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کر کےجیتی اور اب میئرشپ کے لیے بھی وہی کر رہی ہے۔

پی ٹی آئی کراچی کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی دھاندلی زدہ ایڈمنسٹریٹر کو اب دھاندلی کے ذریعے ہی کراچی کا میئر بنانا چاہتی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی پہلے بلدیاتی الیکشن سے بچتی اور بھاگتی رہی ہے لیکن جب زبردستی الیکشن کروائے  گئے تو اس نے دھاندلی کی تمام حدیں پار کر لیں۔

پی ٹی آئی نے الزام لگایا گیا کہ پیپلز پارٹی نے الیکشن کمیشن کے ساتھ مل کر نتائج تبدیل کیے۔ پی پی پی کے ملیٹنٹ ونگ نے سندھ پولیس سے پولنگ آ سٹیشنز پر قبضے کروائے اور اس کے باوجود جب ہدف حاصل نہ ہو سکا تو اب پاکستان پی ٹی آئی کے بلدیاتی نمائندوں کو اغوا کیا جا رہا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ منتخب نمائندوں کے نام ایف آئی آر میں ڈال کر وفاداریاں تبدیل کروائی  جا رہی ہیں۔ منتخب نمائندوں کے گھر والوں کو اغوا کرنے کی دھمکیاں دے کر وفاداری بدلنے کے لیے دباؤ بڑھایا جا رہا ہے۔

پیپلز پارٹی نے موجودہ سیاسی صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے حلف و میئرکراچی کے  الیکشن کے دیگر مراحل کا شیڈول جاری کیا گیا۔ درجنوں منتخب نمائندوں کو ایم پی او اور مختلف ایف آئی آر میں ڈال کر اغوا کیا گیا ہے تاکہ نمائندے حلف نہ لے سکیں اور میئر شپ کے لیے ووٹ نہ ڈال سکیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کی جانب سے غیرآئینی قانون پاس کیے جا رہے ہیں تاکہ ٹاؤن اور میئر کے لیے ضمیروں کی منڈی لگائی جا سکے لیکن ایسا نہیں ہونے دیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp