سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ میں گزشتہ رات ابراہیم خلیل روڈ پر واقع ہوٹل میں آتشزدگی کے نتیجے میں 8 پاکستانی عمرہ زائرین جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوگئے۔ پاکستان قونصل ویلفیئر کا کہنا ہے کہ جاں بحق 4 پاکستانیوں کی شناخت ہوگئی ہے، 2 عمرہ زائرین کا تعلق وہاڑی اور 2 کا قصور سے ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ ’سانحے میں 8 ہلاکتوں اور 6 پاکستانیوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ جدہ میں ہمارا مشن متاثرین اور ان کے اہل خانہ کو امداد فراہم کرنے کے لیے مقامی حکام سے رابطے میں ہے۔
سول ڈیفنس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا تھا کہ عمارت میں سیکیورٹی اور سیفٹی تقاضوں کی پاسداری نہ ہونے کی وجہ سے آگ لگی تھی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا عمرہ زائرین کے جاں بحق ہونے پر رنج و غم اور افسوس کا اظہار
وزیراعظم شہباز شریف نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہار ہمدردی اور تعزیت کی ہے۔ وزیر اعظم نے وزارت مذہبی امور کو زخمیوں کی بہترین دیکھ بھال اور جاں بحق افراد کے لواحقین کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ وزیراعظم نے مرحومین کی مغفرت اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف اور ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی کا اظہار افسوس
اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف اور ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی نے پاکستانیوں کے جاں بحق اور زخمی ہونے کی اطلاعات پر افسوس اور غم کا اظہار کیا ہے۔ قومی اسمبلی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ جاں بحق ہونے والے افراد کی مغفرت اور لواحقین کے صبر و جمیل کے لیے دعاگو ہیں، اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔
*اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی کا مکہ مکرمہ میں ہوٹل میں آگ لگنے سے عمرہ کے لیے گئے پاکستانیوں کے ہلاک اور زخمی ہونے کی اطلاعات پر افسوس اور غم کا اظہار*
جان بحق ہونے والے افراد کی مغفرت اور لواحقین کے صبروجمیل کے لیے دعاگو ہیں: اسپیکر و…
— National Assembly 🇵🇰 (@NAofPakistan) May 20, 2023
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ دبئی کی ایک رہائشی عمارت کی چوتھی منزل میں آتشزدگی کے سبب 3 پاکستانیوں سمیت 16 افراد ہلاک جبکہ 9 زخمی ہو گئے تھے۔