بابا گورو نانک کے جنم دن کی تقریبات اختتام پذیر، بھارتی یاتریوں کا مریم نواز اور حکومتِ پاکستان کو خراجِ تحسین

ہفتہ 8 نومبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حسن ابدال میں بابا گورو نانک دیو جی کے 556ویں جنم دن کی 3 روزہ تقریبات اختتام پذیر ہو گئیں۔ بھارت سے تقریباً 2 ہزار یاتریوں سمیت بڑی تعداد میں ملکی و غیر ملکی سکھ یاتریوں نے گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال میں حاضری دی اور مذہبی رسومات ادا کیں۔

یاتریوں کو پاکستان کی جانب سے خصوصی سہولیات فراہم کی گئیں جن میں کھانے پینے، رہائش، سیکیورٹی اور ٹرانسپورٹ شامل تھیں۔ بھارتی یاتری حکومتی انتظامات سے مطمئن نظر آئے۔

بھارتی یاتریوں کا اظہار تشکر

بھارتی یاتریوں نے وی نیوز سے گفتگو میں کہا کہ ہم حکومتِ پاکستان کے بے حد مشکور ہیں جنہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تناؤ کی کیفیت کے باوجود ہمیں پاکستان میں گوردواروں کے درشن کرنے کا موقع فراہم کیا۔ یہاں کا ماحول پُرامن ہے اور ہمیں بہت احترام دیا گیا ہے۔

یاتریوں نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے سہولیات کو بہتر بنانے پر بھی انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کی ’مکھی منتری‘ مریم نواز نے ہمارے لیے جو انتظامات کروائے وہ قابلِ تعریف ہیں۔

سیکیورٹی انتظامات اور اعلیٰ سطحی جائزہ

تقریبات کے دوران سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے۔ اٹک پولیس کے ایک ہزار سے زائد اہلکار اور 29 ایلیٹ کمانڈوز گوردوارہ پنجہ صاحب اور یاتریوں کی رہائش گاہوں پر تعینات رہے۔

آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا نے ڈی پی او اٹک سردار موارخان کے ہمراہ گوردوارے کا دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

پارلیمانی سیکریٹری برائے سیفران اسفند یار بھنڈارا نے تقریب میں شرکت کی اور بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا کہ جس طرح پاکستان سکھ یاتریوں کو مکمل مذہبی آزادی فراہم کر رہا ہے، بھارت بھی پاکستانی زائرین کے لیے مذہبی مقامات کے سفر کی راہ ہموار کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہاں آنے والے تمام یاتری ہمارے مہمان ہیں۔ حکومت چاہتی ہے کہ ہر فرد اپنے مذہبی فرائض امن، عزت اور سہولت کے ساتھ ادا کرے۔ پاکستان محبت، بھائی چارے اور مذہبی رواداری کا پیغام دیتا ہے۔

یاتریوں کی کرتارپور روانگی

تقریبات کے اختتام پر بھارتی یاتری حسن ابدال سے خصوصی بسوں کے ذریعے کرتارپور روانہ ہو گئے، جہاں وہ مزید مذہبی رسومات ادا کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp