آذربائیجان کے یومِ فتح کی مرکزی تقریب میں پاکستان کے جدید جے ایف-17 تھنڈر طیاروں نے شاندار فلائی پاسٹ پیش کیا، جس نے پریڈ گراؤنڈ میں موجود حاضرین کو مسحور کر دیا۔ جیسے ہی یہ لڑاکا طیارے گھن گرج کے ساتھ فضا میں اڑے، ماحول وطن دوستی اور جوش و جذبے سے گونج اٹھا۔
یہ بھی پڑھیں:آذربائیجان کی فتح کشمیریوں اور فلسطینیوں کے لیے مشعل راہ، وزیراعظم کا باکو میں فوجی پریڈ سے خطاب
وفاقی وزیرِ اطلاعات عطااللہ تارڑ کے مطابق آذربائیجان کے یومِ فتح کی پریڈ میں پاکستانی دستے اور جے ایف-17 تھنڈر طیارے شریک ہوئے۔ یہ دن 2020 کی 44 روزہ کاراباخ جنگ میں آذربائیجان کی فتح کی یاد میں ہر سال 8 نومبر کو منایا جاتا ہے۔

وزیرِ اطلاعات نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ ’پاکستان اور آذربائیجان کی دوستی زندہ باد۔ آج پاکستانی افواج اور جے ایف-17 تھنڈر طیارے آذربائیجان کی یومِ فتح پریڈ میں شرکت کر رہے ہیں، جو کاراباخ کی آزادی کی علامت ہے‘۔
یہ بھی پڑھیں:فیلڈ مارشل عاصم منیر کو آذربائیجان کے اعلیٰ فوجی اعزاز سے نواز دیا گیا
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف اور آذربائیجان کے صدر الہام علییف نے باکو میں مشترکہ عشائیے میں شرکت کی۔ وزیراعظم اپنے دورے کے دوران مختلف تقاریب میں شریک ہوئے، جہاں دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، رابطوں اور دفاعی شعبے میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

پاک فضائیہ کے جے ایف-17 تھنڈر طیاروں کی یہ شرکت نہ صرف پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کا مظاہرہ ہے بلکہ دونوں ممالک کے گہرے سفارتی اور عسکری تعلقات کی بھی علامت سمجھی جا رہی ہے۔













