صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبالؒ کے یومِ پیدائش کے موقع پر ان کے نظریات اور اصولوں پر عمل کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اپنے علیحدہ پیغامات میں دونوں رہنماؤں نے برصغیر کے مسلمانوں میں بیداری کی روح پیدا کرنے میں علامہ اقبالؒ کے غیر معمولی کردار کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیے: لاہور کی جاوید منزل جہاں سے آج بھی شاعر مشرق علامہ اقبالؒ کی خوشبو آتی ہے
صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ علامہ اقبالؒ کا مسلمانوں کی سیاسی نمائندگی پر اصرار پاکستان کی قومی شناخت پر گہرا نقش چھوڑ گیا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج کی دنیا کو اقبالؒ کے پیغام بھائی چارے، محبت اور انصاف کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے متعدد منصوبے شروع کیے ہیں جو علامہ اقبالؒ کے نوجوانوں سے متعلق وژن کے مطابق ہیں۔
مشرق کے عظیم فلسفی شاعر، ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کا یومِ پیدائش آج عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ علامہ اقبالؒ 9 نومبر 1877 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔
یہ بھی پڑھیے: ’قوم علامہ اقبال کے افکار کی پیروی کرے‘ صدر اور وزیرِاعظم کا شاعر مشرق کی برسی پر پیغام
انہوں نے اپنی آفاقی شاعری اور سیاسی بصیرت کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں کو بیدار کیا اور 1930 میں اپنے تاریخی خطبۂ الہٰ آباد میں علیحدہ مسلم ریاست کے قیام کا تصور پیش کیا۔
علامہ اقبالؒ کے اس خطبے نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک واضح سمت اور علیحدہ شناخت عطا کی، جس نے بالآخر پاکستان کے قیام کی راہ ہموار کی۔
وزیر داخلہ کا بیان
وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ اقبالؒ کی شخصیت اور فکر ایک بے مثال میراث ہے، جس نے مسلمانانِ ہند میں خودی، وقار اور بیداری کا جذبہ پیدا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، اقبالؒ کے خواب کی تعبیر ہے اور اس کی حفاظت ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ علامہ اقبالؒ کے افکار آج بھی ہمارے لیے رہنمائی کا سرچشمہ ہیں، اقبال کے فلسفۂ خودی نے نوجوانوں کو بلند حوصلہ، غیر متزلزل ایمان اور خوداعتمادی عطا کی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اقبالؒ کی شاعری ایک لازوال پیغام ہے جو عمل، خودی اور فکر کی دعوت دیتی ہے۔ ہمیں اقبالؒ کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے پاکستان کی ترقی، اتحاد اور امن کے لیے کوشاں رہنا ہوگا۔













