وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ علامہ اقبال کے پیغام کو زندہ رکھنا ہمارا فرض ہے اور قوم کو اقبال کے کلام کی عملی تعبیر بننا ہوگی۔
یومِ اقبال کے موقع پر اپنے پیغام میں خواجہ آصف نے کہا کہ آج وہیں علامہ اقبال کی ولادت کا جشن منایا جا رہا ہے جہاں اُن کے بزرگ رہتے تھے اور اقبال کا کلام اردو و فارسی دونوں زبانوں میں امر رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ شاعرِ مشرق کی شاعری اور فلسفہ پہلے بھی دنیا میں مشہور تھے اور آج بھی قابلِ ذکر ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: علامہ اقبال کا یوم پیدائش، صدر مملکت اور وزیراعظم کا شاعر مشرق کو خراج تحسین
خواجہ آصف نے افسوس کا اظہار کیا کہ ہم نے بدقسمتی سے شاعرمشرق کے پیغام کو بعض حد تک بھلا دیا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے الگ وطن کا خواب دیکھا تھا اور قوم کو اپنے محسن علامہ اقبال اور قائدِ اعظم کو یاد رکھنے کی تلقین کی۔
وزیرِ دفاع نے کہا کہ امتِ مسلمہ اس وقت بھٹک گئی ہے اور غزہ سے کشمیر تک ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مسلمان متحد نہ ہوئے تو وہی حالات باقی مسلمانوں کو بھی ان حالات کا سامنا ہوگا جن کا سامنا فلسطین، غزہ اور کشمیر کے مسلمانوں کو ہے۔
اپنے پیغام کے آخر میں خواجہ آصف نے دعا کی کہ اللہ ہمیں ہمت دے تاکہ ہم غزہ، فلسطین اور کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے حق میں آواز اٹھائیں اور اپنی ریاستوں کی حفاظت کے سوا ان مظلوم اقوام کے لیے بھی اپنا موقف ظاہر کریں۔














