انسداد دہشتگردی عدالت: عمران اسماعیل 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

ہفتہ 20 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 کراچی کی انسداد ہشتگردی عدالت نے سابق گورنر سندھ اور رہنما تحریک انصاف عمران اسماعیل کو 2روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

 انسداد دہشتگردی عدالت کراچی میں سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کے خلاف 9 مئی کو چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری پر احتجاج کے دوران ہنگامہ آرائی کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ پولیس نے عمران اسماعیل کو عدالت میں پیش کیا۔

تفتیشی افسر نے عدالت کے رو برو کہا کہ ملزم کے خلاف سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور دہشت پھیلانے کے الزامات ہیں۔

پولیس نے عدالت سے استدعا کی ملزم عمران اسمعاعیل سے تفتیش کے لیے 14 روز کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

عدالت نے پولیس کی استدعا کے برخلاف عمران اسماعیل کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوئےانہیں پیر کے روز دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے پیش رفت رپورٹ بھی طلب کی ہے۔

پارٹی چھوڑنے کے لیے دباؤ نہیں ڈالا جا رہا، عمران اسماعیل

عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے مختصر گفتگو میں عمران اسماعیل نے کہا کہ ان کے خلاف بنایا گیا مقدمہ جھوٹا ہے، وہ موقع پر موجود ہی نہیں تھے۔

 پارٹی کی تبدیلی کے لیے دباؤ سے متعلق سوال پرسابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ ان پر کوئی دباؤ نہیں ڈالا جا رہا۔

عمران اسماعیل کو شکار پور جیل میں رکھنے کا حکم

گزشتہ روز محکمہ داخلہ نے رہنما تحریک انصاف عمران اسماعیل کی گرفتاری کے حوالے سے حکم نامہ جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ عمران اسماعیل نے جلاؤ گھیراؤ اور سڑکیں بند کرنے کے لیے لوگوں کو اکسایا، ملک اور قوم کی جان و مال کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔

حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ عمران اسماعیل کو 30 دن تحویل میں رکھا جائے، انہیں ڈسٹرک جیل شکار پور میں رکھا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp