صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹ میں پارلیمانی قائد سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
صدر مملکت نے مرحوم کے اہلِ خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عرفان صدیقی کی جمہوریت، پارلیمانی روایات اور قومی خدمت کے لیے خدمات قابلِ تحسین ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: نواز شریف کے قریبی ساتھی سینیٹر عرفان صدیقی انتقال کرگئے
انہوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔
سینیٹر و معروف کالم نگار عرفان صدیقی گزشتہ شب اسلام آباد کے مقامی اسپتال میں انتقال کرگئے ہیں۔
عرفان صدیقی سانس کی تکلیف کے باعث گزشتہ کچھ عرصے سے اسلام آباد کے مقامی اسپتال میں زیر علاج تھے، علالت کے باعث انہوں نے 27ویں آئینی ترمیم کے لیے ووٹنگ کے عمل میں حصہ نہیں لیا۔
یہ بھی پڑھیے: عرفان صدیقی: پرائمری اسکول ٹیچر سے وزیراعظم کے مشیر اور سینیٹر تک کا سفر
عرفان صدیقی سینیٹ میں حکمران جماعت کے پارلیمانی لیڈر تھے، اُن کی سینیٹ میں مدت مارچ 2027 تک تھی۔
ان کا شمار مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیراعظم نواز شریف کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا تھا۔













