وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان شروع سے سفارتکاری اور امن پر یقین رکھتا ہے، پارلیمانی رہنماؤں کو ایک پلیٹ فارم پر لانا باعث فخر ہے۔
اسلام آباد میں منعقدہ بین الاپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مئی میں بھارت سے ہونے والی جارحیت کا بھرپور جواب دیا اور افواج پاکستان نے عسکری تیاریوں اور پیشہ ورانہ مہارتوں کا ثبوت دیا، جنگ جیتنے کے بعد اب ہمیں امن جیتنا چاہیے، امن ہی پائیدار ترقی کی بنیاد ہے۔
یہ بھی پڑھیے: بین الاقوامی اسپیکرز کانفرنس میں شرکت کے لیے سعودی پارلیمانی وفد اسلام آباد پہنچ گیا
وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ دنوں افغانستان کی طرف سے پاکستانی چیک پوسٹوں پر حملہ کیا گیا، میں قطر اور ترکیہ کے دوستوں کا شکرگزار ہوں جنہوں نے مذاکرات کا انتظام کیا، امن اسی وقت قائم ہوگا جب افغانستان سے کارروائیاں کرنے والے ٹی ٹی پی اور دیگر گروپوں کو لگام دیا جائے۔
انہوں نے پیشکش کی کہ افغان عبوری حکومت ٹی ٹی پی اور دیگر گروہوں کیخلاف مؤثر کارروائی کرے تو پاکستان تعاون کے لیے تیار ہے۔
Two-day Inter-Parliamentary Speakers' Conference is underway in Islamabad. PM @CMShehbaz , Chairman Senate Syed Yousaf Raza Gilani, parliamentary delegations from nearly 40 countries & representatives of different international organizations are participating in conference…
— Radio Pakistan (@RadioPakistan) November 11, 2025
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ، او آئی سی، ایس سی او اور دیگر بین الاقوامی پلیٹ فارمز میں ہمارا کردار ہماری امن پسندی کا ثبوت ہے، میری حکومت میں پاکستان اصلاحات، شراکت داری اور نوجوانوں اور خواتین کی ترقی کے سفر پر گامزن ہے۔ چھوٹی صنعتوں کی حوصلہ افزائی ہورہی ہے اور خواتین اور نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے لیس کیا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: عالمی سفارتی محاذ پر 2 وفود پاکستان کے حق میں رائے سازی کے لیے متحرک ہوچکے، دفتر خارجہ
وزیراعظم نے کہا کہ پارلیمنٹ عوام کی امنگوں کے ترجمان ہوتے ہیں، ہم عوام کی طرف سے ہونے والے تقاضوں کو مکمل کرنے کے پابند ہیں، مجھے امید ہے کہ اس کانفرنس میں ہونے والا مکالمہ مستقبل میں ہمارے مشترکہ سفر میں رہنمائی فراہم کرے گا۔
وزیراعظم نے کانفرنس میں شرکت کرنے پرعالمی وفود کا شکریہ ادا کیا اور سینیٹ کے چیئرمین یوسف رضا گیلانی کو کانفرنس کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کیا۔













