خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان کے عوام نے کیڈٹ کالج وانا پر فتنہ الخوارج کے دہشتگرد حملے کی سخت مذمت کی ہے۔
مقامی لوگوں نے کہاکہ یہ دہشتگرد دراصل پشتون اور قبائلی نوجوانوں کو تعلیم سے محروم رکھنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پاک فوج نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے سینکڑوں طلبہ کو محفوظ طریقے سے نکالا اور معصوم انسانی جانوں کی حفاظت کو یقینی بنایا۔
کیڈٹ کالج وانا میں تعلیم حاصل کرنے والے طلباء کو فتنہ الخوارج کی جانب سے بزدلانہ حملے کا نشانہ بنانے پر مقامی افراد کا شدید ردعمل
یہ دہشت گرد دراصل پختونوں اور قبائل کو تعلیم سے دور رکھنا چاہتے ہیں، مقامی افراد
فوج نے بروقت کارروائی کرکے سینکڑوں طلباء کو ریسکیو کیا اور معصوم… pic.twitter.com/etDRGpc1h0
— PTV News (@PTVNewsOfficial) November 11, 2025
انہوں نے کہاکہ افغانستان میں طالبان حکومت پشتون عوام کو تعلیم سے محروم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔
مقامی لوگوں نے کہاکہ پاک فوج نے قبائلی علاقوں میں کیڈٹ کالجز قائم کیے تاکہ نوجوان نسل کو تعلیم دی جا سکے، حالیہ حملہ یہ واضح کرتا ہے کہ دشمن گروہ وانا اور قبائلی عوام کو تعلیم سے محروم رکھنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کیڈٹ کالج وانا میں خود کش حملہ ناکام بناتے ہوئے سیکیورٹی فورسز نے 2 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا تھا، جبکہ کالج کی عمارت میں موجود 3 دہشتگردوں کو محصور کرکے ان کے خلاف آپریشن جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے علاقے وانا میں دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے کے بعد تمام طلبہ اور اساتذہ کو بحفظات ریسکیو کرلیا، اور اب آخری دہشتگرد کو ہلاک کرنے تک آپریشن جاری رہےگا۔
اس سے قبل کالج کی عمارت سے ریسکیو کیے گئے طلبا کی ویڈیو سامنے آئی تھی، جس میں بتایا گیا تھا تمام طلبا محفوظ ہیں۔
طلبا کے مطابق کیڈٹ کالج پر حملہ کرنے والے فتنہ الخوارج کے شرپسندوں کو سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ہلاک کیا۔ اور بہادری سے دہشتگردوں کا حملہ پسپا کیا۔
دہشتگرد ہمیشہ چاہتے تھے کہ وزیرستان کے بچے تعلیم سے محروم رہیں، کیڈٹ کی گفتگو
کالج کے ایک طالب علم نے کہاکہ میں بارہویں جماعت کا طالب علم ہوں اور وزیرستان کے ایک عام خاندان سے تعلق رکھتا ہوں۔
انہوں نے کہاکہ پاک فوج نے یہ کیڈٹ کالج ہمارے لیے بنایا تاکہ ہم تعلیم حاصل کرسکیں، امن اور ترقی کی راہ پر گامزن ہوں۔ یہ بزدل دہشتگرد ہمیشہ چاہتے تھے کہ وزیرستان کے بچے تعلیم سے محروم رہیں اور یہ اپنے شیطانی نظریات ان پر مسلط کریں، ایسے عناصر ہمیشہ ناکام رہیں گے۔














