وفاقی دارالحکومت کے ضلع کچہری میں گزشتہ روز ہونے والے خودکش دھماکے اور 12 افراد کی ہلاکت کے بعد آج اسلام آباد سمیت ملک بھر میں بار ایسوسی ایشنز نے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ اور ہڑتال کا اعلان کر رکھا ہے۔
اسلام آباد ڈسٹرکٹ بار کی جانب سے 3 روزہ سوگ اور ایک روزہ ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ اسلام آباد بار کونسل نے بھی افسوسناک واقعے کے تناظر میں 3 روزہ ہڑتال کر رکھی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: اسلام آباد کچہری کے باہر خودکش دھماکا، 12 افراد جاں بحق، متعدد زخمی
واقعے کے بعد اسلام آباد میں ڈسٹرکٹ جوڈیشل کمپلیکس مکمل بند ہے، اور ڈسٹرکٹ بار کے عہدیداروں نے وکلا کو گھروں میں رہنے کا حکم دیا ہے۔
راولپنڈی ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن نے بھی ہڑتال کی اپیل کی، اور وکلا نے صرف ایمرجنسی کیسز میں عدالتوں میں پیش ہونے کا فیصلہ کیا، جس کے باعث معمولی مقدمات کی سماعت ملتوی کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: وفاقی دارالحکومت کے قلب میں دھماکا سنگین خدشات کو جنم دیتا ہے، سپریم کورٹ بار کی اسلام آباد دھماکے کی مذمت
اس کے علاوہ آج لاہور سمیت صوبائی دارالحکومتوں کی ماتحت عدالتوں میں عدالتیں بند رہیں جبکہ پشاور میں ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے اسلام آباد دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے آج عدالتوں کا بائیکاٹ کیا، لاہور ہائیکورٹ سمیت ماتحت عدالتوں میں سیکیورٹی انتہائی سخت رہی۔
بلوچستان بار کونسل نے بھی صوبے بھر میں عدالتی کارروائی سے بائیکاٹ کا اعلان کیا، اور ہائی کورٹ و ماتحت عدالتوں میں بار رومز پر سیاہ جھنڈے لہرائے گئے۔ بار کونسل بلوچستان نے حکومت کو جان و مال کے تحفظ میں ناکام قرار دیتے ہوئے، اسلام آباد کے وکلا کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔














