راولپنڈی میں کھیلے گئے پاک سری لنکا ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں سلو اوور ریٹ کے باعث انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان ٹیم پر جرمانہ عائد کردیا۔
مزید پڑھیں: مشکل وقت میں سری لنکا کا ساتھ قابلِ تحسین ہے، قومی کرکٹرز
آئی سی سی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 11 نومبر کو ہونے والے میچ کے دوران قومی ٹیم نے مقررہ وقت میں 4 اوورز کم کرائے، جس پر پاکستان ٹیم کو میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ کیا گیا۔
بیان کے مطابق کپتان شاہین آفریدی نے سلو اوور ریٹ سے متعلق عائد سزا قبول کرلی ہے، اس لیے باضابطہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
یاد رہے کہ تین میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے ون ڈے میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا کو 6 رنز سے شکست دی تھی۔
قومی کرکٹ ٹیم اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ 14 نومبر جبکہ تیسرا اور آخری میچ 16 نومبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیدیم میں کھیلا جائےگا۔
مزید پڑھیں: ’بھارتی ہاتھ سے انکار نہیں‘، سری لنکن ٹیم کے واپس جانے کے عندیہ کے پیچھے آئی پی ایل کا کیا کردار ہے؟
اس سے قبل سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے دورہ ادھورا چھوڑ کر واپس جانے کا عندیہ دیا تھا، تاہم گزشتہ رات سری لنکن کرکٹ بورڈ نے دورہ جاری رکھنے کا اعلان کیا۔














