قومی اسمبلی نے 27ویں آئینی ترمیم کے بعد آرمی ایکٹ 2025 کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت فیلڈ مارشل کو بطور چیف آف ڈیفنس فورسز تعینات کرنے کے لیے نیا نوٹیفکیشن جاری کیا جائےگا۔
مزید پڑھیں: وفاقی کابینہ کے بعد قومی اسمبلی نے بھی پاکستان آرمی، ایئر فورس اور نیوی ایکٹ میں ترامیم کی منظوری دیدی
آرمی ایکٹ کے مطابق نیا نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد آرمی چیف کی مدت دوبارہ سے شروع ہوگی اور وہ پاک فوج کے تمام شعبوں کی ری اسٹرکچرنگ اور انضمام کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔
قانون میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ وزیراعظم آرمی چیف کی سفارش پر کمانڈر نیشنل اسٹریٹیجک کمانڈ کی تعیناتی کریں گے، جس کی مدت ملازمت 3 سال ہوگی اور اسے 3 سال کے لیے دوبارہ تعینات کیا جا سکتا ہے۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ آرمی چیف اب چیف آف ڈیفنس فورسز بھی ہوں گے اور ان کی مدت عہدہ 5 سال مقرر کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تعیناتی کی مدت اس دن سے شروع ہوگی جب باقاعدہ تقرری ہوگی۔
مزید پڑھیں: صدر مملکت نے 27ویں آئینی ترمیم پر دستخط کر دیے، بل آئین کا حصہ بن گیا
انہوں نے مزید کہاکہ قانون میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا عہدہ ختم کردیا گیا ہے۔














