ملک کے بیشتر حصوں میں آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کی توقع ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق پہاڑی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار رہے گی جبکہ صبح اور رات کے اوقات میں موسم نہایت سرد ہوسکتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پنجاب کے چند میدانی علاقوں میں اسموگ چھانے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے، جس سے فضائی حدت اور بصارت متاثر ہوسکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک، پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کا امکان
آج صبح مختلف بڑے شہروں میں ریکارڈ کیے گئے درجۂ حرارت کے مطابق اسلام آباد اور مظفرآباد میں درجۂ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، لاہور میں 13، کراچی میں 18 اور پشاور میں 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
کوئٹہ میں سردی کی شدت سب سے زیادہ رہی جہاں درجۂ حرارت صفر ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا، جبکہ گلگت میں منفی 2 اور مری میں 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
ادھر بھارت کے زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں بھی سخت سردی کا راج ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق سری نگر، لیہہ، پلوامہ، اننت ناگ، شوپیاں اور بارہمولا میں موسم انتہائی سرد اور خشک رہے گا جبکہ جموں میں سرد اور خشک موسم کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: پنجاب کے تعلیمی اداروں میں موسمِ سرما کی تعطیلات، شیڈول جاری ہوگیا
آج صبح ریکارڈ کیے گئے درجۂ حرارت کے مطابق سری نگر، اننت ناگ اور شوپیاں میں ایک ڈگری سینٹی گریڈ، جموں میں 9، لیہہ میں منفی 7 جبکہ پلوامہ اور بارہمولا میں صفر ڈگری سینٹی گریڈ درجۂ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔














