وکیل ایمان مزاری کی اپنی گرفتار ماں کو گھر پر دیکھنے کی خواہش

اتوار 21 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تحریک انصاف کی پابند سلاسل رہنما شیریں مزاری کی وکیل صاحبزادی نے اپنی والدہ کو واپس گھر پر دیکھنے کی خواہش کا جذباتی اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی پرتشدد واقعے میں ملوث نہ ہونے کے باوجود انہیں ابھی تک کیوں جیل میں رکھا گیا ہے۔

مائکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئیٹر پر اپنے پیغام میں ایمان مزاری نے اپنی والدہ کے ہمراہ اپنی بچپن کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ وہ اپنی والدہ کو واپس گھر پر چاہتی ہیں۔

ایمان مزاری لکھتی ہیں کہ ان کی والدہ کسی پرتشدد واقعے میں ملوث نہیں ہیں، انہیں کیوں ابھی تک جیل میں رکھا گیا ہے۔

 ایک اور ٹوئیٹ میں ایمان مزاری نے جذباتی انداز میں لکھا ہے کہ ان کے والد تابش حاظر کو فوت ہوئے 5 ماہ ہو چکے ہیں۔ آج ان کو سر رکھ کر رونے کے لیے  والدہ  کا کندھا چاہیے لیکن اس کے بجائے وہ مسکراتے ہوئے اپنی والدہ کو ملنے جیل جا رہی ہیں جنہیں ایک ہفتے کے دوران تیسری بار گرفتار کیا گیا ہے۔ بغیر ٹوٹے میں یہ کبھی بھولوں گی نہیں۔

واضح رہے کہ 9 مئی کے واقعات کے بعد رہنما تحریک انصاف شیریں مزاری کو تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔ 17 مئی کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے شیریں مزاری کو رہا کرنے کا حکم دیا۔ شیریں مزاری کو رہا کرنے کے بجائے اسلام آباد پولیس نے پنجاب پولیس کے حوالے کر دیا۔ پنجاب پولیس کی خواتین اہلکاروں شیریں مزاری کو گرفتار کیا تھا۔ جس کے بعد تاحال انہیں رہا نہیں کیا گیا۔

عدالت سے رہائی کے احکامات کے بعد جب شیریں مزاری کو دوبارہ گرفتار کیا گیا تو اس وقت بھی ایمان مزاری کی پھوٹ پھوٹ کر رونے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔

ایمان مزاری نے اپنی ٹوئیٹ میں اپنی والدہ کے ساتھ بچپن کی تصویر بھی شیئر کرتے ہوئے شیریں مزاری سمیت تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کے ہیش ٹیگز بھی لکھے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp